Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابھا میں غیرقانونی پولٹری فارم سیل

غیر معیاری طریقے سےذبح کی جانے والی مرغیوں کا گوشت فروخت کیاجاتا تھا(فوٹو، ٹوئٹر)
ابھا میں بلدیہ کی تفتیشی ٹیموں نے غیر قانونی طریقہ سے قائم پولٹری یارڈ  کو سیل کردیا۔ مرغیوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف ذبح کرکے انکا گوشت فروخت کیا جاتا تھا۔
سبق نیوز کے مطابق عسیر ریجن بلدیہ کے ذمہ دار ڈاکٹر محمد العاوی نے بتایاکہ بلدیہ کی تفتیشی ٹیم کے اہلکاروں نے ایک گودام پرچھاپہ مارا جہاں حفظان صحت کے اصولوں کی پامالی کرتے ہوئے پولٹری فارم قائم کیا گیا تھا۔
گودام میں پولٹری فارم کے ساتھ مذبح خانہ بھی تھا جہاں انتہائی غیر معیاری طریقے سے مرغیاں ذبح کرکے ان کا گوشت سپلائی کیاجاتا تھا۔

گودام کوسیل کرکے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی گئی(فوٹو، ٹوئٹر)

بلدیہ کے ریجنل عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ گودام کوسیل کرکے زندہ مرغیاں متعلقہ ادارے کے حوالے کردی گئیں جبکہ گودام میں پولٹری فارم بنانے والوں کےخلاف کاروائی کی جارہی ہے۔
واضح رہے مملکت میں زندہ مرغیاں فروخت کرنے پرپابندی ہے۔ مرغی کا گوشت مقررہ پولٹری فارمز کے ذریعے حفظان صحت کے اصولوں کو مدنظررکھتے ہوئے مارکیٹوں میں سپلائی کیاجاتا ہے۔  

شیئر: