Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب میں بے شمار سنگرز کو گینگسٹرز سے خطرہ ہے: میکا سنگھ

پنجابی سنگر کا کہنا ہے کہ ’سدھو موسے والا کے قتل کا واقعہ ہر ایک کے لیے ویک اپ کال ہونی چاہیے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کی ویب سائٹ کے مطابق گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد معروف گلوکار میکا سنگھ نے پنجابی سنگرز کو لاحق خطرات کا ذکر چھیڑ دیا ہے۔
سدھو موسے والا کی فائرنگ کے واقعے میں ہلاکت پر میکا سنگھ بہت افسردہ دکھائی دیتے ہیں اور انہوں نے ملک میں سلیبریٹیز کو گینگسٹرز سے لاحق خطرات پر اپنی پریشانی کا اظہار کیا۔
وہ کہتے ہیں کہ ’انڈسٹری میں ہر کوئی اس المناک حادثے کے بعد صدمے کا شکار ہے، تاہم میں یہ بتانا چاہتا ہوں کہ یہ صرف سدھو نہیں تھے جنہیں دھمکیاں مل رہی تھیں، بلکہ گِپی گریوال اور منکریت اولکھ سمیت بے شمار پنجابی گلوکاروں کو دھکمیاں ملی ہیں۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’سدھو موسے والا کے قتل کا واقعہ ہر ایک کے لیے ویک اپ کال ہونی چاہیے۔‘
واضح رہے کہ سدھو کے قتل کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر میکا سنگھ کی سکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔
میکا سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ (گینگسٹرز) پیسے طلب کرتے ہیں، اور جو پیسے دے دیتا ہے وہ ٹھیک، نہیں تو دوسروں کو اسی طرح کے انجام سے ڈراتے ہیں۔‘
’پنجاب میں گلوکاروں کو اس قسم کی دھمکیاں اکثر ملتی رہتی ہیں، ’بہت سارے لوگ پریشان ہیں، جیسے ہی آپ ہِٹ ہوتے ہیں، یا شوز چلنا شروع ہوتے ہیں، ساتھ ہی دھکمیاں آنا شروع ہوجاتی ہیں۔‘
انڈین گلوکار کا کہنا تھا کہ ’اس سے قبل ہم ممبئی کے انڈرورلڈ کا نام سنتے تھے، اور اب وہ انڈرورلڈ پنجاب میں بھی شروع ہوگیا ہے، جوکہ بہت غلط پیغام ہے۔‘
میکا سنگھ جو اس وقت ایک ریالٹی شو کی شوٹنگ کے سلسلے میں جودھ پور میں ہیں کا کہنا ہے کہ ’کل کو سلیبریٹیز شوٹنگ اور شوز کے لیے پنجاب میں آنا چھوڑ دیں گی۔‘

میکا سنگھ کہتے ہیں کہ ’مجھے اب مایوسی ہو رہی ہے کہ میں سدھو کو ممبئی منتقل ہونے کا مشورہ نہیں دے سکا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’مجھے اس بات کا افسوس رہے گا کہ میں مئی میں سدھو موسے والا سے ہونے والی آخری ملاقات میں انہیں ممبئی منتقل ہونے کا نہیں کہہ سکا۔‘
انہوں ںے کہا کہ ’جب وہ مجھے ممبئی میں ملنے آئے تو وہ بہت خوش تھے کہ وہ ایئرپورٹ سے تنہا سفر کر کے میرے گھر پہنچے تھے۔‘
میگا سنگھ نے بتایا کہ ’میں نے چار پانچ سال قبل انہیں ایوارڈ بھی دیا تھا اور ان سے لندن میں ملاقات بھی ہوئی تھی۔‘
انہوں ںے مجھ سے پوچھا تھا کہ ’مجھے ان خطرات سے کیسے نمٹنا چاہیے؟ اور اب مجھے مایوسی ہو رہی ہے کہ میں نے انہیں ممبئی منتقل ہونے کا مشورہ نہیں دیا۔‘
’سلیبریٹیز اب آسان ہدف بن چکی ہیں اور میں اپنے ذاتی تجربے سے بتا رہا ہوں کہ ’اس قسم کے خطرات سے نمٹنا بہت مشکل ہے۔‘
میکا سنگھ نے انکشاف کیا کہ ’پنجاب میں گینگسٹرز گذشتہ 6 برس کے دوران متحرک ہوئے ہیں، اس سے پہلے سب اچھا تھا۔‘

میکا سنگھ کے مطابق ’گِپی گریوال اور منکریت اولکھ سمیت بے شمار پنجابی گلوکاروں کو بھی دھکمیاں ملی ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’گینگسٹرز کے گروہ پنجاب کے علاوہ راجستھان، بہار اور اُترپردیش میں بھی کام کر رہے ہیں، اور دراصل آرٹسٹ انہیں پیسے دیتے بھی ہیں۔‘
میکا سنگھ بتاتے ہیں کہ ‘مثال کے طور پر حال ہی میں گِپی کی فلم بہت کامیاب رہی ہے اور اس کے بعد ہی انہیں دھمکی مل گئی اور ان کی سکیورٹی سخت کردی گئی۔‘
’ہمیں ایسے افراد پر قابو پانا ہے، ان کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں خوف کی فضا پیدا ہوچکی ہے۔‘

شیئر: