پنجابی گلوکار اور کانگریس رہنما سدھو موسے والا قاتلانہ حملے میں ہلاک
انڈین میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پنجاب کے مانسہ ضلع میں پیش آیا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا کی ریاست پنجاب میں مشہور ریپ سٹار سدھو موسے والا قاتلانہ حملے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مانسہ ضلع میں پیش آیا۔ فائرنگ میں سدھو موسے والا شدید زخمی ہوئے تھے۔
سدھو موسے والا کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی ہلاک ہوگئے تھے۔
فائرنگ کے واقعے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حملہ آوروں کے حوالے سے ابھی تک کوئی اطلاع نہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سدھو موسے والا سے پنجاب حکومت نے ایک دن قبل ہی سکیورٹی واپس لی تھی۔
حکومت نے ریاست میں 424 افراد سے سرکاری سکیورٹی واپس لی تھی جن میں سدھو موسے ولا بھی شامل تھے۔
خیال رہے 2022 کے الیکشن سے قبل سدھو موسے والا نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور مانسہ ضلع سے کانگریس کے ٹکٹ پر ریاستی اسمبلی کا انتخاب لڑا تھا۔
ان کو عام آدمی پارٹی کے ڈاکٹر وجے سنگلا نے شکست دی تھی۔