تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل: سری لنکا کی جیت لیکن سیریز پاکستان ویمن ٹیم کے نام
تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل: سری لنکا کی جیت لیکن سیریز پاکستان ویمن ٹیم کے نام
اتوار 5 جون 2022 17:36
تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز پاکستان کے نام رہی ہے جس نے پہلے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ (فوٹو: پی سی بی)
سری لنکا کی ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 93 رنز سے شکست دے دی ہے۔
اتوار کو کراچی کے ساؤتھ اینڈ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم 42ویں اوور میں 167 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
تاہم تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز پاکستان کے نام رہی ہے جس نے پہلے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔
سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اتاپاتو نے 85 گیندوں پر شاندار 101 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 13 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
ان کے علاوہ ہرشیتا مدوی نے بھی 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے انعم امین اور فاطمہ ثنا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے منیبہ علی اور سدرہ امین نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کے درمیان 41 رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد سدرہ پویلین لوٹ گئیں۔
اس سے اگلے اوور میں منیبہ علی بھی 16 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئیں۔ جبکہ اسی اوور کی آخری گیند پر کپتان بسمہ معروف بھی صفر پر بولڈ ہو گئیں۔
پاکستان کی چوتھی آؤٹ ہونے والی کھلاڑی ندا ڈار تھیں جو پانچ رنز بنا کر چماری اتاپاتو کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئیں۔
عمیمہ سہیل اور عالیہ ریاض نے ٹیم کی ڈوبٹی کشتی کو کچھ سہارا دینے کی کوشش کی اور بالترتیب 40 اور 56 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔
ان دونوں کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 167 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
چماری اتاپاتو کو ان کی عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا جبکہ مین آف دی سیریز کا اعزاز سدرہ امین کے حصے میں آیا جنہوں نے سیریز میں 218 رنز بنائے۔