جوہری پروگرام پر غیر ضروری تبصروں سے گریز کیا جائے: جنرل ندیم رضا
جوہری پروگرام پر غیر ضروری تبصروں سے گریز کیا جائے: جنرل ندیم رضا
پیر 6 جون 2022 13:53
سیمینار میں ملک کے مختلف حصوں سے طلبہ، ماہرین تعلیم اور ممتاز ماہرین نے شرکت کی۔ (فوٹو: سکرین گریب)
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے ڈپٹی چیئرمین جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی حالت میں اپنے جوہری پروگرام پر سمجھوتہ نہیں ہونے دے گا اور اس سٹریٹیجک پروگرام پر غیر ضروری اور بے بنیاد خیالات سے گریز کیا جانا چاہیے۔
پیر کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز میں ’علاقائی ماحولیات اور سلامتی کے تقاضے‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب میں جنرل ندیم رضا نے علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبصرہ کرتے ہوئے ملک کے دفاع اور دفاع کے ضامن کے طور پر پاکستان کی جوہری صلاحیت کی اہمیت کا اعادہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ایٹمی صلاحیت رکھنے والے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان میں بھی سٹریٹیجک پروگرام پر غیر ضروری اور بے بنیاد خیالات سے گریز کیا جانا چاہیے۔ جب ضروری ہو، این سی اے مخصوص ردعمل یا خیالات جاری کرنے کا صحیح فورم ہے۔‘
جنرل ندیم رضا جو کہ نیشل کمانڈ اتھارٹی کے ڈپٹی چیئرمین بھی ہیں کا کہنا تھا کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کو تمام سیاسی جماعتوں اور پاکستانی عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
’این سے اے اپنی تمام سیاسی اور عسکری قیادت کے ساتھ، سٹریٹیجک پروگرام کے لیے مضبوطی سے کھڑا ہے۔‘
انہوں نے زور دے کر کہا کہ قومی سلامتی ناقابل تقسیم ہے اور یقین دلایا کہ پاکستان کسی بھی حالت میں اپنے جوہری پروگرام پر سمجھوتہ نہیں ہونے دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان ایک پُراعتماد اور ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے۔ یہ کم سے کم دفاعی صلاحیت کے حدود میں مکمل دفاع کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ ہماری قومی سلامتی اور حفاظتی ڈھانچہ تمام قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرتا ہے اور ہر قسم کے منظرناموں کو پورا کرتا ہے۔‘
سیمینار میں ملک کے مختلف حصوں سے طلبہ، ماہرین تعلیم اور ممتاز ماہرین نے شرکت کی۔