لاہور ... پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر ہارون الرشید کو ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز مقرر کردیا۔ ہارون الرشید نے پیر کو عہدہ کا چارج سنبھال کر کام کا باقاعدہ آغاز کردیا ۔ پی سی بی کے ترجمان امجد بھٹی نے بتایا کہ ہارون الرشید کو پی سی بی کے تمام قواعد و ضوابط پورا کرنے کے بعد عہدہ دیا گیا ہے ۔پی سی بی چیئرمین شہریار خان ، چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور ڈائر یکٹر ایچ آر بریگیڈیئر (ر) ساجد حمید نے انٹرویو کے بعد ہارون رشید کی تقرری کی منظوری دی ۔ ہارون رشید کو گزشتہ سال آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 کی خراب کارکردگی کے بعد پوری سلیکشن کمیٹی کے ساتھ فارغ کردیا گیا تھا لیکن جب ڈائر یکٹر کرکٹ آپریشنز کا عہدہ مشتہر کیا گیا تو انہوں نے دوبارہ درخواست دےدی۔ہارون رشید پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ کے عہدے پر بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔