انڈیا: گیم کھیلنے سے منع کرنے پر بیٹے نے ماں کو قتل کر دیا
پولیس کے مطابق لڑکے نے دو روز لاش گھر میں چھپائے رکھی (فوٹو: انڈیا پولیس)
انڈیا کی ریاست اترپردیش کے شہر لکھنؤ میں 16 سالہ لڑکے نے مبینہ طور پر موبائل پر گیم کھیلنے سے منع کرنے پر ماں کو قتل کر دیا۔
این ڈی ٹی وی نے پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیر کے روز ہونے والے واقعے سے قبل ماں بیٹے میں جھگڑا ہوا تھا کیونکہ بیٹا کثرت سے موبائل پر گیمز کھیلتا تھا اور واقعے کے روز خاتون نے اس کو گیمز کھیلنے سے منع کیا تھا۔
پولیس کے مطابق لڑکے نے والدہ کے سر میں گولی ماری جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔ واردات میں لڑکے نے اپنے والد کا پستول استعمال کیا جو لائسنسڈ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے بعد لڑکے نے لاش کو گھر میں ہی چھپا دیا اور دو روز تک اپنی نو سالہ بہن کے ساتھ گھر میں موجود رہا۔
لاش کی بُو پر قابو پانے کے لیے ملزم نے ایئرفریشنر کا استعمال کیا۔
لڑکے نے اپنی چھوٹی بہن کو دھمکاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قتل کے حوالے سے کسی کو نہ بتائے۔
جرم کے بعد لڑکے نے ایک فرضی کہانی گھڑی اور اپنے والد کو بتایا کہ اس کی ماں کو الیکٹریشن نے گولی ماری ہے جس کو گھر میں کسی کام کے لیے بلایا گیا تھا۔
لڑکے کے والد کا تعلق فوج سے ہے اور آج کل ان کی پوسٹنگ مغربی بنگال میں ہے۔
لکھنؤ پولیس کے سینیئر افسر ایس ایم قاسم عابدی کا کہنا ہے کہ ’لڑکے کے والد نے یہی کہانی پولیس کو بتائی کہ الیکٹریشن نے ان کی اہلیہ کو گولی ماری ہے، تاہم جب تحقیقات شروع کی گئیں تو پتہ چلا کہ اصل بات کچھ اور ہے، اس لیے لڑکے کو حراست میں لیا گیا۔‘
ان کے بقول ’پولیس کی جانب سے پوچھ گچھ کے بعد لڑکے نے اعتراف جرم کر لیا جبکہ مزید تحقیقات ابھی جاری ہیں۔‘