لیجنڈری کرکٹر متھالی راج ریٹائر، آئندہ ماہ کیریئر پر فلم ریلیز ہوگی
متھالی راج انڈیا کی جانب سے ٹیسٹ میں ڈبل سینچری بنانے والی واحد کھلاڑی ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی لیجنڈری کرکٹر سابق کپتان متھالی راج نے ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق متھالی راج انڈین ویمن کرکٹ ٹیم کی سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر تھیں اور سب سے معروف کرکٹر تھیں۔
انہوں نے رواں برس مارچ میں کھیلے گئے ورلڈ کپ میں آخری مرتبہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم کی کپتانی کی تاہم انڈین ٹیم 50 اوور کے میچ میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی نہ کرسکی۔
ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں متھالی راج نے لکھا کہ ’آج کے دن میں ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہی ہوں،‘ واضح رہے کہ متھالی راج 2019 میں ٹی20 میچز سے دستبرداری کا اعلان کرچکی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ’میں جب بھی فیلڈ میں اُتری ہوں میں نے ہمیشہ انڈیا کو کامیابی دلوانے کے جذبے سے بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کی ہے۔‘
متھالی راج نے مزید کہا کہ ’میں ترنگے کی نمائندگی کرنے پر ہمیشہ فخر محسوس کروں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں سمجھتی ہوں کہ کھیل کو خیرباد کہنے کا یہ بہترین وقت ہے کیونکہ انڈین ٹیم باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کے ہاتھ میں ہے اور اس کا مستقبل روشن ہے۔‘
نتھالی راج نے 50 اوورز کے دو ورلڈ کپس میں انڈین ٹیم کی قیادت کی اور ٹیم کو فائنل تک پہنچایا۔ انہوں نے 232 ایک روزہ میچز میں 7 سنچریوں کی مدد سے 7 ہزار 85 رنز بنائے۔
انہوں نے 1999 میں آئرلینڈ کے خلاف اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، وہ انڈیا کی جانب سے ٹیسٹ میں ڈبل سینچری بنانے والی واحد کھلاڑی ہیں، انہوں نے 2002 میں انگلینڈ کے خلاف 214 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔