Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ: طالب علم سکول کی تیسری منزل سے گرگیا 

طالب علم کی حالت نازک بتائی گئی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
مکہ مکرمہ  میں الحج سٹریٹ پر واقع ایک ثانوی سکول کی تیسری منزل سے طالب علم گر گیا۔ المعابدہ پولیس سٹیشن اور پبلک پراسیکیوشن نے واقعے کی سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر نوٹس لے لیا۔ 
اخبار  24 کے مطابق المعابدہ پولیس کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں ہنگامی نمبر 911 سینٹر پر سکول کے پرنسپل نے واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے یہاں تیسری منزل سے ایک طالب علم گر گیا ہے۔ اسے الششہ کے کنگ فیصل ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں علاج کے لیے داخل کردیا گیا ہے۔ 
پولیس ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ طالب علم کو کنگ فیصل ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ نے فوری طور پر النور سپیشلسٹ ہسپتال بھجوا دیا۔ اس کی حالت نازک تھی جس کا علاج سپیشلسٹ ہسپتال میں ہی ہوسکتا تھا۔ تاحل اس کی حالت خطرے سے باہر نہیں۔ 
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ المعابدہ پولیس سٹیشن نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے اور پبلک پراسیکیوشن کو بھی مطلع کردیا گیا ہے۔ سکول کے طلبہ نے بتایا کہ دو ساتھیوں کی وجہ سے وہ تیسری منزل سے گرا تھا۔ مزید تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔ 

شیئر: