انسداد گداگری مہم جاری، 7 غیر ملکی گرفتار
سعودی عرب میں گداگری پرقید اور جرمانے کی سزا مقرر ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
محکمہ امن عامہ کے اہلکار مملکت بھر میں انسداد گداگری مہم چلائے ہوئے ہیں۔ متعدد علاقوں میں گداگری میں ملوث7 مقیم غیرملکی گرفتار کرلیے گئے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ امن عامہ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ عسیر ریجن میں دو خواتین ایک مسجد کے سامنے بھیک مانگتے ہوئے پکڑی گئیں ان کے ہمراہ ایک بچہ بھی تھا۔
محکمہ امن عامہ کا کہنا تھا کہ ایک اور خاتون کو تجارتی مرکز کے سامنے بھیک مانگتے ہوئے حراست میں لیا گیا علاوہ ازیں ایک اور خاتون سگنلز پر گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے بھیک مانگتے ہوئے پکڑی گئی۔
امن عامہ کے اہلکاروں نے نجران ریجن میں ایک مقیم غیرملکی کو پٹرول سٹیشن اور ایک اور غیر ملکی کو تجارتی مرکز کے سامنے بھیک مانگتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ دونوں صفائی کمپنی کے کارکن تھے۔
محکمہ امن عامہ نے ایک خاتون اورایک مقیم غیرملکی کو تجارتی مراکز کے سامنے بھیک مانگتے ہوئے حراست میں لیا۔
یاد رہے کہ انسداد گداگری قانون کےبموجب جو شخص بھی گداگری کا پیشہ اختیار کرے گا یا کسی کو بھیک مانگنے کی ترغیب دے گا یا بھیک کا پیشہ اپنانے کے لیے سازباز کرے گا یا ایسا کرنے میں مدد دے گا تو اسے چھ ماہ تک قید کی سزا ہوگی یا پچاس ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا۔ بعض حالات میں گداگر کو قید اور جرمانے دونوں سزائیں دی جاسکتی ہیں۔
سعودی قانون کے بموجب اگر گداگری کا پیشہ کوئی منظم گروپ کرے گا یا گداگروں کے انتظامات کوئی شخص دیکھے گا یا کسی کو بھیک مانگنے کی ترغیب دے گا یا اس کے ساتھ بھیک مانگنے کا کوئی سمجھوتہ کرے گا تو ایسی صورت میں اسے ایک سال تک قید کی سزا ہوگی یا ایک لاکھ ریال تک کا جرمانہ ہوگا۔ قید اور جرمانے کی سزا ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہے۔