گداگری میں ملوث افراد کے خلاف سخت سزائیں
گداگروں کوقید و جرمانے کی سزا کے بعد ملک بدر کر دیا جائے گا(فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ کسی بھی قسم کی گداگری میں ملوث ایک یا ایک سے زائد افراد، گداگری کی معاونت کرنے یا ناجائز طریقے سے رقم جمع کرنا خلاف قانون ہے۔
گداگری میں ملوث افراد کے لیے 6 ماہ قید اور50 ہزار ریال جرمانے کی سزا مقرر ہے۔ غیرملکی ہونے کی صورت میں سزا مکمل کرنے کے بعد اسے مملکت سے ڈی پورٹ کرکے ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔
پراسیکیوشن کے ٹوئٹرپراس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ ’کوئی بھی ایسا فرد جو براہ راست یا بالواسطہ گداگری میں ملوث ہویا اس کی ترغیب دیے یا معاونت کرے کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ دائر کیا جائے گا۔ ایسے افراد کو 6 ماہ قید اور50 ہزار ریال جرمانہ کی سزا دی جائے گی‘۔
گداگری کا نیٹ ورک چلانے والے یا کسی بھی طور پر اس مکروہ پیشے سے وابستگی رکھنے والے خواہ وہ براہ راست ہویا بالواسطہ انہیں ایک برس قید اور ایک لاکھ ریال جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔
غیرملکی ہونے کی صورت میں ایسے افراد کو مملکت سے بے دخل کرکے انہیں ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا ایسے افراد جنہیں بلیک لسٹ کیا جائے گا وہ صرف عمرہ یا حج ویزے پر ہی مملکت آ سکیں گے اس کے علاوہ نہیں۔