Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قصیم ریجن میں ماڈرن گداگر جوڑا گرفتار

ملزمان یمنی شہری ہیں انہیں محکمہ انسداد گداگری کے حوالے کردیاگیا(فوٹو،الریاض اخبار)
قصیم ریجن میں پولیس نے ماڈرن اور مال دارغیر ملکی بھکاری جوڑے کو حراست میں لے لیاـ ملزمان قیمتی گاڑی کے ساتھ سڑکوں پر گھوم کر لوگوں کی ہمدردی بٹورتےہوئے مال بنانے کے عادی تھے ـ
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق قصیم ریجن کے پولیس ترجمان کرنل بدر السحیبانی نے بتایا کہ البدائع کمشنری میں پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک غیر ملکی جوڑا جو قیمتی گاڑی میں گھوم کرلوگوں سے ہمدردیاں بٹورنے میں مشغول ہےـ
پولیس کو ملزم جوڑے کے طریقہ واردات کی وڈیو فوٹیج بھی موصول ہوئی جو سوشل میڈیا پروائرل ہو گئی تھی ـ ملزمان علاقے کی اہم شاہراہوں پرجاتے جہاں وہ گاڑی میں پیٹرول ختم ہونے کا تاثر دیتے جس کےلیے عورت گاڑی کو دھکا لگانے کا تاثر دیتی جب راہ گیر ان کو دیکھتے تو رک کر معاملہ دریافت کرتے جس پر گداگر انہیں بتاتے کہ گاڑی میں پیٹرول ختم ہو گیا جبکہ جیب میں اتنی رقم بھی نہیں کہ پیٹرول بھروایا جاسکےـ

گداگرعورت گاڑی کودھکا لگانے کا تاثر دیتی تھی (فوٹو، سوشل میڈیا)

راہ گیر ان سے متاثر ہو کر انہیں رقم ادا کرتے جس کے بعد وہ دوسری شاہراہ پر منتقل ہو جاتے جہاں وہی ڈرامہ شروع کردیتےـ
ریجنل ترجمان بدر السحیبانی نے مزید کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جو یمنی شہری ہیں ـ گرفتار جوڑے کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرکے انہیں محکمہ انسداد گداگری کے حوالے کردیاگیاـ
واضح رہے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں کافی عرصے سے ایسے گداگر جوڑے دکھائی دیتے ہیں جو گاڑیوں میں گھومتے ہیں اور لوگوں کو روک کرکہتے ہیں کہ وہ مسافر ہیں اور رقم ختم ہو گئی جبکہ بچوں کےلیے کھانے کا بندوبست بھی نہیں ـ
اس طرح کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے محکمہ انسداد گداگری کا کہنا ہے کہ ایسے افراد کی حوصلہ افزائی نہ کریں ـ ایسے افراد کے خلاف محکمہ کی تفتیشی ٹیمیں سرگرم ہیں ـ

شیئر: