سعودی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن کے قانون کی خلاف ورزی پر نئی سزائیں
دفعہ 26 میں 10 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے(فوٹو عاجل)
سعودی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن کے قانون میں ترمیم کی گئی ہے۔
سعودی سرکاری گزٹ ام القری نے کمیونیکیشن اینڈ نیوانفارمیشن ٹیکنالوجی قانون شائع کیا ہے اس کی دفعہ 26 میں 10 خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ دفعہ 27 میں خلاف ورزیوں کی سزائیں بیان کی ہیں۔
ام القری گزٹ کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی یا کمیونیکیشن سے متعلق کسی بھی پروگرام، سسٹم، آلے یا ایسی مشین کا لین دین، اس کی تیاری، فروخت کرنا، ذخیرہ کرنا،کرایے پر دینا یا مہیا کرنا غیر قانونی ہے جو کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط سے ہم آہنگ نہ ہو یا مقررہ تکنیکی سٹینڈرڈ پر پورا نہ اتر رہا ہو۔
پرمٹ یا اندراج یا اجازت نامے کے بغیر ایسا کوئی بھی کام کرنا جس کے لیے پرمٹ یا رجسٹریشن یا اجازت نامہ ضروری ہو۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی یا کمیونیکیشن سہولیات سے متعلق اداروں یا افراد کو گمراہ کن ڈیٹا فراہم کرنا۔
انسپکٹر کی ڈیوٹی میں رکاوٹ پیدا کرنا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی یا کمیونیکیشن کی سہولیات کا غلط استعمال۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن کے شعبے میں ایسا کوئی کام کرنا جس سے مسابقت میں گڑبڑ ہو۔
کمیونیکیشن نیٹ ورک کو نقصان پہنچانا یا اس میں بگاڑ پیدا کرنا یا نیٹ ورک کاٹنا یا اس سے ناجائز فائدہ اٹھانا یا رابطے میں تعطل پیدا کرنا یا عام طریقے سے انفارمیشن کے تبادلے کو روکنا یہ کام جان بوجھ کر کیا جائے یا لاپروائی سے ایسا کیا جائے یا کوتاہی سے کیا جائے یہ سب غیر قانونی ہے۔
کمیشن کو مطلوبہ رپورٹ یا معلومات یا دستاویزات فراہم نہ کرنا۔
ایسا کوئی بھی مواصلاتی یا انفارمیشن ٹیکنالوجی کا آلہ اپنے پاس رکھنا جس کا پرمٹ نہ ہو۔
کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیشن قانون کے لائحہ عمل یا انتظامی ادارے کے فیصلوں اور احکام کی خلاف ورزی پر مشتمل کوئی بھی کام۔
قانون کی دفعہ 27 میں خلاف ورزیوں پرسزائیں مقرر کی گئی ہیں۔ ان میں پچیس ملین ریال تک جرمانہ۔ متعلقہ خلاف ورزی والی سہولت جزوی یا مکمل طور پر بند کردینا۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی یا کمیونیکیشن سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرمٹ کے اجرا سے محدود مدت کے لیے محروم کردینا یا توسیع نہ کرنا۔
ڈیجیٹل سبجیکٹ پلیٹ فارم کو کلی یا جزوی طور پر معطل کردینا شامل ہیں۔