برازیلیا ..... بھیڑیا انتہائی سفاک اور ظالم جانوروں میں شمار ہوتا ہے اور انسان کا ازلی دشمن سمجھا جاتا ہے مگر قدرت نے انسان کو جس خصوصی جذبہ انسانیت سے بہرہ ور کررکھا ہے وہ انسان کو ہر حال میں دوسروں کی مدد کیلئے تیار رہتا ہے۔ ایسا کچھ یہاں اس وقت دیکھنے میں آیا جب پیاس سے بے حال بھیڑیا سڑک سے گزرتے ہوئے ٹرک کی پشت پر چڑھ گیا ۔ اتفاقاً ٹرک ڈرائیور باہمت شعبدہ باز تھا۔ اس نے کمال جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھیڑیئے کی مدد کا فیصلہ کیا جو رطوبت میں انتہائی کمی کا شکار ہوکر لب جان نظر آرہا تھا۔ اس کی جرات دیکھ کر ایک اور گاڑی والا جو ڈیلیوری وین چلا رہا تھا موقع پر پہنچا اور اس کی تصاویر اتار کر نیٹ پر جاری کردیں جسے لوگ حیرت سے دیکھ رہے ہیں ۔ یہ واقعہ وسطی مغربی برازیل کے پرائما ویرا قصبہ میں پیش آیا۔ ماہرین حیوانات کا کہنا ہے کہ بھیڑیوں میں اتنی طاقت ہوتی ہے کہ وہ بھوکے پیاسے رہ کر بھی کافی دنوں تک نہ صرف زندہ رہ سکتے ہیں بلکہ فعال بھی رہتے ہیں۔ تاہم یہ بھیڑیا علاقے کی شدید گرمی اور چلچلاتی ہوئی دھوپ کی تاب نہ لاکر بالکل نڈھال ہوگیا تھا تاہم جیسے تیسے اس نے ٹرک پر چڑھنے کی ہمت کر ڈالی اس کے اوپر پہنچتے ہی ٹرک ڈائیور کو خیال آیا کہ کوئی جانور اس کے ٹرک پر چڑھا ہے اور اس نے ٹرک روک کر دیکھا تو وہاں ایک بے حال بھیڑیا پڑا ہوا تھا۔