شاداب خان کی آل راؤنڈ پرفارمنس، میچ اور ون ڈے سیریز پاکستان کے نام
میچ میں آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان نے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 53 رنز سے شکست دے کر سیریز کلین سویپ کرلی ہے۔
اتوار کو ملتان میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈئیز کی پوری ٹیم 38 اوورز میں 216 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
عقیل حسین 60 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، کیاسی کارٹی نے 33 جبکہ شمارا بروکس نے 18 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 9 اوورز میں 62 رنز دے کر ویسٹ انڈیز کے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 270 رنز کا ہدف دیا تھا۔ خراب موسم کے باعث میچ کو 48، 48 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔
پاکستان نے مقررہ 48 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔
میزبان ٹیم کی جانب سے شاداب خان نے سب سے زیادہ 86 رنز بنائے، ان کی اننگز میں تین چھکے اور چار چوکے شامل تھے۔
امام الحق نے 62، فخر زمان نے 35 اور خوش دل شاہ نے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے نکولس پورن نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کیمو پال نے دو جبکہ جیڈن سیلز، ہیڈن والش اور عقیل حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 199 رنز بنانے پر امام الحق سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ملتان میں ہی کھیلے گئے دونوں ون ڈے میچز میں بھی ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔