پاکستان آمد کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے ملتان پہنچایا گیا ہے جہاں تین ایک روزہ میچ شیڈول ہیں۔
پیر کی صبح ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی نکولس پوران نے ٹویٹ کرکے بتایا کہ ’ہم بس آئے پاکستان۔‘
اس ٹویٹ کے جواب میں پاکستانی صارفین نے ویسٹ انڈین ٹیم کو بھرپور طریقے سے خوش آمدید کہا۔
شارق نامی صارف نے کہا کہ ’میزبانی اور امن کی سرزمین پر آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔‘
ذیشان احمد نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’پاکستان میں خوش آمدید، آم آپ کا انتظار کر رہے ہیں۔‘
اطہر ملک نے کہا کہ ’پاکستان میں آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں، امید کرتے ہیں کہ آپ کا دورہ سہانا رہے، ملتان کا سوہن حلوہ کھانا مت بھولیے گا۔‘
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ایک ایسے وقت میں مدمقابل آ رہی ہیں جب ملتان شہر کی گرمی اور کھلاڑیوں کو اس سے پیدا ہونے والی مشکلات کا ذکر بھی کیا جا رہا ہے۔
ملتان پاکستان کے گرم ترین شہروں میں شامل ہے، سیریز کے دوران بھی یہاں درجہ حرارت 46 ڈگری یا زائد رہنے کا خدشہ ہے۔
موسم کے ان اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی سوئمنگ پول میں نہاتے رہے۔
اس ٹور کی ایک اور خاص بات یہ بھی ہے کہ ملتان 14 سال بعد بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کی میزبانی کر رہا ہے۔
اس سے پہلے 2008 میں پاکستان بنگلہ دیش سیریز کا ون ڈے میچ ملتان میں کھیلا گیا تھا۔
شدید گرمی کے پیش نظر پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے میچوں کے اوقات کار میں تبدیلی کی گئی ہے۔ سیریز کے تمام میچ سہ پہر چار بجے شروع ہوں گے۔
گزشتہ چھ ماہ میں ویسٹ انڈیز ٹیم دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔ اس سے قبل دسمبر 2021 میں ویسٹ انڈیز تین ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کراچی آئی تھی۔
پاکستان ویسٹ انڈیز سیریز کے لیے منتخب کیے گئے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں اب تک سات ون ڈے اور پانچ ٹیسٹ میچ کھیلے گئے ہیں۔
ون ڈے میں سب سے زیادہ 197 رنز یاسر حمید جب کہ 178 انضمام الحق نے بنائے ہیں۔ وکٹوں میں چھ، چھ کے ساتھ شعیب ملک اور شاہد آفریدی باقیوں سے آگے ہیں۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے۔