طنز و مزاح سے بھرے ’لفنگے‘ بہت جلد آرہے ہیں
فلم ’لفنگے‘ کے پوسٹر میں پانچ دوستوں اور ایک بھوت کو دکھایا گیا ہے (فائل فوٹو: فلم لفنگے)
عیدالاضحیٰ کے موقع پر اس بار جہاں رومانوی اور ایکشن سے بھرپور پاکستانی فلمیں ریلیز ہو رہی ہیں وہیں شائقین کو مزاح اور ہارر فلم بھی دیکھنے کو ملے گی۔
طنز، مزاح اور خوف سے بھرپور پاکستانی فلم ’لفنگے‘ کا پوسٹر سماجی مائیکرو بلاگنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری کردیا گیا ہے۔
فلم ’لفنگے‘ کے پوسٹر میں پانچ دوستوں اور ایک بھوت کو دکھایا گیا ہے جو نہایت مزاحیہ طریقے سے ڈرا رہا ہے۔
فلم کی مرکزی کاسٹ میں اداکار سمیع خان، بہروز سبزواری، نازش جہانگیر، مانی، سلیم معراج اور مبین گبول شامل ہیں جبکہ عبدالخالق خان فلم کے ڈائریکٹر ہیں۔
فلم میں بھوت کا کردار بہروز سبزواری ادا کر رہے ہیں۔
اداکار سمیع خان کے انسٹاگرام پر مداحوں کی جانب سے مثبت تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
علی ایمان نامی ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’فلم کے لیے نیک تمنائیں۔ آپ بہترین کے حق دار ہیں۔ امید ہے کہ یہ فلم سپرہٹ ہوگی۔‘
فاطمہ چودھری نامی صارف پوسٹر کے بارے میں لکھتی ہیں کہ ’سارے کے سارے ہی لفنگے لگ رہے ہیں۔‘
فلم ’لفنگے‘ عید الاضحیٰ پر سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔