Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان خان کو دھمکی آمیز خط کس نے بھیجا؟

پولیس کے مطابق ’گینگسٹر وکرم برار سلمان خان کو خوف زدہ کر کے بھتہ وصول کرنا چاہتا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ’لارنس بشنوئی گینگ کے تین ارکان نے بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو دھمکی آمیز خط پہنچایا۔‘
انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق ’یہ گینگسٹر وکرم برار کا منصوبہ تھا کہ انہیں (سلمان خان اور ان کے والد کو) خوف زدہ کر کے ان سے بھتے کی رقم وصول کی جائے۔‘
ممبئی پولیس کی تحقیقات کے مطابق بشنوئی گینگ کے تین مبینہ کارندوں پر گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ہونے کا بھی شبہ ہے۔
ممبئی پولیس کی کرائم برانچ نے جمعرات کو پُونے میں کمبلے سے تفتیش کی جس کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے۔
سوربھ کُمبلے سے دہلی پولیس کے خصوصی سیل نے سدھو موسے والا کے قتل کے سلسلے میں تفصیلی تفتیش کی اور اسی کیس میں پنجاب پولیس کی ایک ٹیم بھی تفتیش کے لیے پُونے پہنچ چکی ہے۔
مہاکل کو رواں ہفتے کے شروع میں پُونے پولیس نے گرفتار کیا، انہوں نے مبینہ طور پر تفتیش کاروں کو بتایا کہ لارنس بشنوئی گینگ کے تین ارکان راجستھان میں جلور کے علاقے سے آئے۔
’ان میں سے ایک رکن نے باندرا بینڈ سٹینڈ کے علاقے میں اس بینچ پر دھمکی آمیز خط رکھا جہاں اتوار کو مارننگ واک کے بعد سلمان خان کے والد سلیم خان بیٹھے تھے۔
پولیس کے مطابق وکرم برار جو کہ کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار کا بھائی ہے (جو بشنوئی گینگ کا حصہ ہے) نے سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
’وکرم برار نے سدھو موسے والا کے بہیمانہ قتل کے بعد سلمان خان کو ہدف بنا کر ان سے بھتہ وصول کرنے کی منصوبہ بندی کی۔‘
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ’وکرم برار نے اپنے تین کارندوں کو خط دے کر بھیجا تاکہ سدھو موسے والا کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔‘   

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ ’گینگسٹر لارنس بشنوئی اس وقت ان کی حراست میں ہے، اور وہ سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹرمائنڈ ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پولیس نے بتایا ہے کہ سلمان خان کو خوف زدہ کرنے کے لیے دھمکی آمیز خط میں لکھا گیا تھا کہ ’سلیم خان، سلمان خان، بہت جلد آپ کا حال بھی سدھو موسے والا جیسا ہوگا، اور اس کا اختتام جی بی، (گولڈی برار) اور ایل بی (لارنس بشنوئی) کے حروف تہجی سے کیا گیا۔
ممبئی پولیس کے حکام کا کہنا ہے کہ گینگسٹر لارنس بشنوئی اس وقت ان کی حراست میں ہے، اور وہ معروف پنجابی سنگر اور کانگرسی رہنما سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹرمائنڈ ہے۔‘
مہاراشٹرا کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کلونت کمار نے کہا ہے کہ ’کمبلے، بشنوئی گینگ کا حصہ ہے۔‘
پولیس کے مطابق ایک اور مشتبہ ملزم، کمبلے کا قریبی ساتھی سنتوش جادھو جس کا تعلق پُونے سے ہے کی سدھو موسے والا کے قتل میں شُوٹر کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے۔

شیئر: