Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کی جانب سے شاہ بحرین اور امیرقطرکومکتوب

خلیجی سربراہ کانفرنس 16 جولائی کوہوگی(فوٹو، ٹوئٹر)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خلیجی تعاون  کونسل (جی سی  سی) سربراہ کانفرنس میں شرکت کے  لیے بحرین کے فرمانروا کو دعوت نامہ بھیج دیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ  نے خادم حرمین شریفین کی طرف سے سربراہ کانفرنس میں شرکت کا سرکاری دعوت نامہ ملنے پر شاہ سلمان کے لیے قدرو منزلت کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بحرین خلیجی سربراہ کانفرنس کے انعقاد کا خیر مقدم کرتا ہے۔
شاہ بحرین نے  امید ظاہر کی کہ خلیجی سربراہ کانفرنس مشترکہ عرب جدوجہد  کے فروغ، قومی آرزوؤں کے حصول کے لیے مشترکہ تعاون اور باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں اہم کارناموں کو آگے بڑھانے میں کامیاب رہے۔
دوسری جانب امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی  کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود کی جانب سے ارسال کیا گیا مکتوب موصول ہو گیا ہے۔ جس کا تعلق دونوں برادر ملکوں کے باہمی تعلقات کے فروغ سے ہےـ
دوحہ میں متعین سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان نے مکتوب پیش کیا۔ انہوں نے شاہ سلمان  اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے امیر قطر کو خیر سگالی کے پیغامات بھی پہنچائے۔
ملاقات کے  اختتام پر امیرقطر نے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کے لیے قدرو منزلت کا اظہار کیا اور دونوں رہنماؤں کے نام خیر سگالی کے جوابی پیغامات بھی حوالے  کیے۔ اس موقع پر قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی اور ایوان امیری کے سربراہ شیخ سعود بن عبدالرحمن آل ثانی بھی موجود تھے۔
پروگرام کے مطابق خلیجی سربراہ کانفرنس 16 جولائی  2022 کو منعقد ہوگی۔ اس میں اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ الثانی، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی، عراق کے وزیراعظم مصطفی الکاظمی اور امریکی صدر جوبائیڈن بھی شریک ہوں گے۔

شیئر: