شاہ سلمان کی جانب سے شاہ بحرین کو دعوت نامہ
دعوت نامہ جی سی سی کے سیکریٹری جنرل نے پہنچایا (فوٹو بحرینی نیوز ایجنسی)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے بحرین کے شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ کو خلیج تعاون کونسل کے 41 ویں اجلاس میں شرکت کا باقاعدہ دعوت نامہ ارسال کردیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے ارسال کیا جانے والا دعوت نامہ ولی عہد بحرین شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ کو منامہ میں جی سی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر نایف فلاح الحجرف نے پہنچایا۔
اس موقع پرجی سی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر الحجرف اور ولی عہد بحرین کے مابین مختلف امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا۔
سیکریٹری جنرل نے جی سی سی کے رکن ممالک کے مابین تجارت اور معاشی تعاون میں مثالی حکمت عملی اختیار کرنے کے حوالے سے حاصل ہونے والی کامیابیوں پر شاہ بحرین کے بھرپورتعاون کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا۔
واضح رہے 5 جنوری 2021 کو ریاض میں خلیج تعاون کونسل کا 41 واں سربراہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں شرکت کرنے کے لیے ایوان شاہی سے جی سی سی کے سربراہان کے لیے خصوصی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں