ٹی ایل پی کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی: سعد رضوی
ٹی ایل پی کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی: سعد رضوی
جمعہ 17 جون 2022 10:36
زین علی -اردو نیوز، کراچی
سعد حسین رضوی کا کہنا ہے کہ سابق فوجی آمر پرویز مشرف آئین شکن ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
مذہبی سیاسی جماعت تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی آئندہ انتخابات میں کسی سے اتحاد نہیں کرے گی۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سعد حسین رضوی کا کہنا تھا کہ ’اپنے اصولوں اور نظریات کی بنیاد پر الیکشن لڑیں گے۔ ناموس رسالت کے معاملے پر ہمارے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ طاقتور قوتوں کی حمایت کا الزام لگانے والے ہمارے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر کیوں خاموش ہیں؟‘
اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل ہونے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں سعد حسین رضوی نے کہا کہ ’ہم اپنے وطن کے ساتھ ہیں۔ پارلیمنٹ پر لکھے کلمے کے ساتھ ہیں۔ پارلیمنٹ پر جو جھنڈا لگا ہے اس کے ساتھ ہیں۔ ہم اپنے اداروں کے ساتھ ہیں۔ لیکن جو بھی آئینی اور قانونی حدود ہیں ہم ان کے ساتھ ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ بتایا جائے وہ قوتیں کون سی تھیں جن کے بارے میں کہا گیا کہ وہ ہمارے ساتھ تھیں اور انہوں نے ہی ہمیں ہی مارا ہے۔ ہم پر ہی گولیاں چلائیں۔ ہم نے جو بیانیہ دیا ہے وہ کسی نے نہیں دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کوئی یہ بات زبان پر لانے کو تیار نہیں۔ اس ناموس رسالت کی تحریک میں ہمارے 44 شہداء ہیں۔ تقریباً نصف سینچری بنتی ہے اور زخمی الگ ہیں۔ کئی لوگ اب تک ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ کوئی ہمارے ساتھ ہے نہ ہی ہم کسی کے ساتھ ہیں۔ ہم اپنے نظریے کے ساتھ ہیں۔‘
سابق فوجی آمر پرویز مشرف کی وطن واپسی کے سوال پر سعد رضوی کا کہنا تھا کہ ’اسے پاکستان میں کیسے آنا چاہیے؟ جو سزا کا مستحق مجرم ہے، آئین شکن ہے، اس کو پاکستان میں کیسے آنا چاہیے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر مشرف کو وطن واپس لانا ہے تو پہلے عدالت میں کیس چلایا جائے۔ وطن تو اس کا پاکستان ہی ہے لیکن وہ مجرم ڈکلیئر ہو۔‘