Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نواز شریف حکومت کا حصہ نہیں، مشرف پر ذاتی حیثیت میں بات کی‘

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی ذمہ دار پچھلی حکومت ہے (فوٹو: سکرین گریب)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ’نواز شریف نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پرویز مشرف کے حوالے سے ٹویٹ کی اور بڑے دل کا مظاہرہ کیا۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ’ نواز شریف حکومت کا حصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے مشرف سے متعلق بات ذاتی حیثیت میں کی ہے۔‘
’پرویز مشرف کی جانب سے دادا کے انتقال کے وقت نواز شریف کو ملک میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بڑے دل کا مظاہرہ پہلی بار نہیں کیا۔’بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد نواز شریف سب سے پہلے ہسپتال پہنچے تھے جبکہ عمران خان کنٹینر سے گرے تو ان کی عیادت بھی کی۔‘
پیٹرول کی قیمتوں میں نئے اضافے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مریم نواز نے اس کا ذمہ دار عمران خان کو قرار دیا اور کہا یہ آگ ان کی لگائی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ ایسے معاہدے کیے جس کی سیاسی قیمت ہماری پارٹی کو تو اٹھانا پڑ رہی ہے، عوام بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے خلاف سازش کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کو اب عمران خان اپنی سیاست چمکانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
ان کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی طرف سے بات نہیں کی بلکہ وہ سکیورٹی ایجنسیز کی نمائندگی کرتے ہیں۔

شیئر: