پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ ’آئندہ برس حاجیوں کی سہولت کے لیے مکہ روٹ پروجیکٹ میں لاہور اور کراچی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹس کو بھی شامل کیا جائے گا۔‘
منگل کو اسلام آباد میں منعقدہ شان حرمین کانفرنس کے بعد اردو نیوز سے خصوصی گفتگو میں سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ‘رواں سال حج کے لیے پاکستان کا کوٹہ تقریباً 82 ہزار حجاج کا ہے اور سعودی حکومت حج کو باسہولت بنانے کے لیے کوشاں ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
’ مکہ روٹ‘: پاکستانی عازمین کےپہلے قافلہ کی جدہ آمدNode ID: 678116
-
مکہ روٹ، ’بہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں‘Node ID: 678306
-
آنے والے دنوں میں پاکستان کو مستحکم دیکھیں گے: سعودی سفیرNode ID: 678336
’یہ دوسرا سال ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے مکہ روٹ پروجیکٹ کے تحت حجاج کو بھیجا جا رہا ہے۔ امید ہے ان شاء اللہ آئندہ سال پوری گنجائش کے تحت (حج ہوگا) اور پھر اسلام آباد ایئرپورٹ کے علاوہ لاہور اور کراچی ایئرپورٹس پر بھی ہوگا۔‘
انہوں نے مکہ روٹ پروجیکٹ پر عمل درآمد میں تعاون پر حکومت پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے خاص طور پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی دلچسپی سے یہ سہولت پاکستانی حجاج کو میسر ہوئی۔
رواں برس حجاج کے لیے سمارٹ فون ایپلی کیشنز کے استعمال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اس سال سمارٹ فون کے استعمال کے بعد ہر چیز پاکستانیوں کے لیے بہت آسان ہوگی اور ان شاء اللہ پاکستانی حجاج باحفاظت اور ہشاش بشاش واپس آئیں گے۔‘
اس سے قبل مقامی ہوٹل میں شان حرمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری کے لیے پاکستانی علما کے کردار کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ علما نے یہ کانفرنس منعقد کرکے دونوں ممالک کے پہلے سے مضبوط تعلقات کے فروغ کی کوشش کی ہے۔
تحریک دفاع حرمین شریفین کی جانب سے منعقدہ کانفرنس سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، جمعیت علمائے اسلام کے سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری، سینیٹر ساجد میر، سینیٹر حافظ عبدالکریم اور پی ڈی ایم کے رہنما شاہ اویس نورانی نے خطاب کرتے ہوئے حجاج کی خدمت کے لیے سعودی حکومت کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
#اسلام_آباد میں آج شانِ حرمین شریفین اور مملکت سعودی عرب کی خدمات کے موضوع پر کانفرنس کا انعقاد ہوا۔جس میں خادم حرمین شریفین کے سفیر جناب نواف بن سعید المالکی،چیئرمین سینیٹ پاکستان جناب سنیٹر محمد صادق سنجرانی بطور خاص شریک ہوئے۔ ... pic.twitter.com/lKi2TnkvBK
— السفارة في باكستان - سعودی سفارت خانہ (@KSAembassyPK) June 21, 2022