Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ مکہ روٹ‘: پاکستانی عازمین کےپہلے قافلہ کی جدہ آمد

امسال ’مکہ روٹ‘ منصوبے کے تحت پانچ ممالک سے عازمین آئیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
’مکہ روٹ ‘ انشیٹو کے تحت اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پاکستانی عازمین کا پہلا قافلہ جمعرات کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گیا۔ ’مکہ روٹ‘ انشیٹو نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے حج پر آنے والے پاکستانیوں کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق  مکہ روٹ انشیٹو کے تحت اس سال پاکستان، ملائیشیا، انڈونیشیا، مراکش اور بنگلہ دیش 5 ملکوں کے عازمین سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔ انہیں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر مختلف سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ 
مکہ روٹ انشیٹو ضیوف الرحمن کی خدمت  سے منسلک پروگراموں میں سے ایک ہے۔ اس کے تحت عازمین حج کی اہم سفری کارروائیاں متعلقہ ملک کے اس ایئرپورٹ پر مکمل کرلی جاتی ہیں  جہاں سے وہ سفر کرتے ہیں۔
انہیں آن لائن حج ویزہ جاری کیا جارہا ہے۔ فنگر پرنٹس کی کارروائی سے لے کر امیگریشن، صحت امور کی پابندیوں اور کسٹم تک کی کارروائی متعلقہ ایئرپورٹ پر مکمل کردی جاتی ہے۔ 
مکہ روٹ  انشیٹو پروگرام کے تحت حج پر آنے والے عازمین کو سعودی عرب پہنچنے پر ایئرپورٹ سے براہ راست بسوں میں سوار کرادیا جاتا ہے اور بسیں انہیں مکہ مکرمہ یا مدینہ منورہ میں ان کی رہائش تک پہنچا دیتی ہیں۔ ان کے سپیشل روٹس ہیں۔ متعلقہ اداروں کےاہلکار ان کا سامان ان کی رہائش پر پہنچا دیتے ہیں۔ 

شیئر: