’اقوام کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے انرجی سیکیورٹی اہم‘
سعودی وزیر خزانہ نے ویانا میں اوپیک فنڈ فورم میں شرکت کی ہے( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ ’اقوام و ممالک کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے انرجی سیکیورٹی اہمیت رکھتی ہے۔ اوپیک نے خام تیل کی مستحکم رسد کے حوالے سے اعتبار قائم کیا ہے‘۔
الاقتصادیہ کے مطابق ویانا میں اوپیک فنڈ فورم میں شرکت کے موقع پر انہوں نے کہا کہ’ اوپیک کےرکن ممالک کو ماحولیاتی تبدیلی کے سامنے کھڑے ہونا اور پائدار مستقبل کی خاطر مل کر کام کرنا ہوگا۔‘
محمد الجدعان نے کہاکہ’ اوپیک میں شامل ممالک نے گزشتہ برسوں کے دوران ثابت کردیا کہ بین الاقوامی معاشی نظام کے تحفظ اور توانائی کی محفوظ رسد کے حوالے سے اوپیک پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہاکہ ’حالیہ دنوں میں فیول میں قلت ریفائنری کی استعداد میں کمی کا نتیجہ ہے‘۔
سعودی وزیرخزانہ نے فورم میں شرکت کے موقع پر اوپیک فنڈ برائے بین الاقوامی فروغ (اوفیڈ) کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس کے تحت سعودی وزارت خزانہ کے ماہرین کا اوپیک فنڈ میں تقرر ہوگا۔