Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کولمبیا میں بل فائٹنگ: سٹینڈ گرنے سے چار افراد ہلاک

حادثے کے وقت سٹینڈ شائقین سے بھرا ہوا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی امریکہ کے ملک کولمبیا کے حکام نے کہا ہے کہ بُل فائنٹنگ کے مقابلے میں شائقین کے ایک بڑے سٹینڈ کے گرنے سے چار افراد ہلاک اور تین سو زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اتوار کو ایل ایسپنل شہر میں حادثے کے بعد ٹولیما کے گورنر نے مقامی ریڈیو کو بتایا کہ ’چار افراد کی فوراً موت واقع ہو گئی جن میں دو خواتین، ایک مرد اور ایک بچہ شامل ہے۔‘
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین منزلہ لکڑی کا سٹینڈ جو شائقین سے بھرا ہوا تھا، گر گیا اور درجنوں افراد زمین پر آ گرے۔
ایک اور ویڈیو میں نظر آتا ہے کہ لوگ سٹینڈ سے بھاگنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ایک بیل میدان میں گھوم رہا ہے۔
ٹولیما کی سیکریٹری صحت کے مطابق علاقے میں موجود ہسپتالوں میں 322 زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے، جن میں سے چار کی حالت تشویش ناک ہے۔
مقامی سول دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ کتنے افراد ابھی بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں لیکن ان کے علم میں ہے کہ جب سٹینڈ گرا تو وہ لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔
یہ ایونٹ سان پیڈرو فیسٹول کی تقریبات کا حصہ تھا جو خطے میں بہت مقبول ہے۔
کولمبیا کے سبکدوش ہونے والے صدر ایوان ڈیوک نے ٹوئٹر پر کہا ’ہم یہ جاننے کے لیے کہ کیا ہوا ہے تحقیقات کی درخواست کریں گے۔‘
انہوں نے ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔

شیئر: