جی سی سی لیڈیز اسپورٹس ٹورنامنٹ ، 10میڈل سعودی خواتین کے نام
جی سی سی لیڈیز اسپورٹس ٹورنامنٹ ، 10میڈل سعودی خواتین کے نام
جمعرات 31 اکتوبر 2019 20:26
سعودی وفد کی چیئرپرسن شہزادی نوف بنت خالد نے نتائج پر دلی مسرت کا اظہار کیا۔ فوٹو سبق
جی سی سی لیڈیز اسپورٹس ٹورنامنٹ میں شریک سعودی خواتین نے 10میڈل جیت لئے۔ ان میں 2گولڈ، 2سلور اور 6 کانسی کے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جی سی سی لیڈیز اسپورٹس ٹورنامنٹ کے میچ کویت میں منعقد ہوئے۔ 8سعودی قومی ٹیموں نے ان میں حصہ لیا۔ ان کا تعلق فینسنگ، بولنگ، فٹبال، تن سازی،ٹیبل ٹینس، باسکٹ بال، تائیکوانڈو اور معذوروں کی تن سازی کے کھیلو ں سے تھا۔
سعودی فینسنگ ٹیم نے 2گولڈ میڈل اور ایک سلور کا تمغہ حاصل کیا۔ جبکہ تائیکوانڈو ٹیم نے ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
ٹورنامنٹ میں شریک سعودی وفد کی چیئرپرسن شہزادی نوف بنت خالد نے نتائج پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری بچیاں ان سارے کھیلوں میں بالکل نئی ہیں۔ اس کے باوجود انہوں نے جو نتائج حاصل کئے وہ بہت شاندار ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی کھلاڑی خواتین خداداد صلاحیتوں کی مالک ہیں اور وہ علاقائی اور بین الاقوامی مقابلوں میں سعودی عرب کا نام روشن کرتی رہیں گی۔
شہزادی نوف نے شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی اولمپک کمیٹی کی مجلس انتظامیہ کے چیئرمین کی حیثیت سے انہوں نے سعودی کھلاڑی خواتین کی بڑی مدد کی۔ اس کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہمارے وفد کو جو ضرورت بھی درکار ہوئی اسے بروقت پورا کیا۔ اس سے کھلاڑی خواتین کے حوصلے بلند رہے۔