Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج، ’لاٹھی چارج سے خاتون ہلاک‘

کراچی میں بجلی کی طویل بندش اور غیرعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے الیکٹرک) کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا جس پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا جبکہ مظاہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ لاٹھی چارج کے دوران ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہے۔
منگل کو مظاہرین نے ماڑی پور روڈ پر ٹریفک بلاک کرکے احتجاج کیا جس کے بعد پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک درجن سے زائد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔
پولیس لاٹھی چارج اور گرفتاریوں کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے تھے لیکن تھوڑی دیر بعد مظاہرین نے ایک بار پھر ماڑی پور روڈ ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
مظاہرے میں موجود ایک شہری جنید خان کا کہنا تھا کہ ’گزشتہ ایک ماہ سے علاقے میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔ شدید گرمی میں کئی کئی گھنٹے بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔‘
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی ہے جس کے قتل کا مقدمہ کے الیکٹرک کے خلاف درج کروایا جائے گا۔‘
ایک اور شہری 38 سالہ رخسانہ بی بی کا کہنا تھا کہ ’دن میں بجلی آرہی ہے اور نہ ہی رات کے اوقات میں۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کا بحران بھی شدید ہوگیا ہے۔‘
’ہزاروں روپے کے بل جمع کروانے کے باوجود بجلی میسر نہیں ہے۔ کے الیکٹرک کی ہیلپ لائن پر جواب دیا جاتا ہے اور نہ ہی شکایتی سینٹرز پر شہریوں کی بات سنی جاتی ہے۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ ’مظاہرین کو منتشر کرکے ٹریفک کے لیے سڑک کھول دی گئی ہے۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ’مظاہرین نے سڑک بند کی جس کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔‘
’مظاہرین سے بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کرنا چاہتے ہیں لیکن مشتعل مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لیے ایکشن لینا پڑا۔‘
پولیس کا کہنا تھا کہ ’پتھراؤ کی وجہ سے پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔‘
’مظاہرین کو منتشر کرکے ٹریفک کے لیے سڑک کھول دی گئی ہے۔‘

شیئر: