’سعودی حکومت نے سفر حج آسان بنا دیا، لگتا ہے لمحوں میں پہنچ گئے‘
’سعودی حکومت نے سفر حج آسان بنا دیا، لگتا ہے لمحوں میں پہنچ گئے‘
اتوار 3 جولائی 2022 5:17
ایئرپورٹ پہنچنے پر کوئی لمبی چوڑی کارروائی نہیں ہوئی۔ (فوٹو: ایس پی اے)
کورونا وبا کی پابندیوں میں نرمی کے بعد اس سال حج سے قبل مدینہ منورہ جانے والےعازمین نے کہا ہے کہ حج کا سفر بڑا آسان ہو گیا ہے۔ سعودی حکومت کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عازمین حج نے کہا کہ ’حج کی تاریخ پر موجود کتابیں پڑھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ پہلے حج کا سفر خطرات سے بھرا ہوتا تھا۔ حجاج کو مکہ سے منی، مزدلفہ اور عرفات جانے میں مشکلات پیش آتی تھی۔‘
مراکش سے آنے والے عازم حج رحیم ادوریک نے کہا کہ ’سعودی حکومت کے ’مکہ روٹ‘ پروگرام نے تو حج کا سفر آسان بنا دیا ہے۔ آن لائن ویزا مل رہا ہے۔ سفر حج شروع کرنے سے قبل ہیلتھ کارروائی، امیگریشن، کسٹم اور فنگر پرنٹس تمام کارروائی آپ کے اپنے ملک میں مکمل کی جاتی ہے۔‘
’جدہ یا مدینہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال سے سفر حج کی تھوڑی بہت تکالیف کا احساس بھی ختم ہو جاتا ہے۔‘
جیبوتی کےعمرعبدالمجید نے کہا ’ان کا سفر حج آسانی سے انجام پا گیا۔ سعودی حکام نے ہر مرحلے میں مدد کی۔ اب صورتحال یہ ہے کہ عازمین کسی زحمت کے بغیر حج کر سکتے ہیں۔‘
سوڈان کے بابش ادریس کا کہنا تھا ’حج اجازت نامہ ملنے اور مسجد نبوی پہنچنے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ میں لمحوں میں اپنے ملک سے سعودی عرب پہنچ گیا۔‘
’ایئرپورٹ پر کوئی لمبی چوڑی کارروائی نہیں ہوئی۔ مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز ایئرپورٹ پہنچا تو وہاں عازمین حج کے لیے سپیشل روٹ اور ہال تھا۔ بڑے پیار سے ہمیں خوش آمدید کہا گیا۔ تمام کارروائی لمحوں میں انجام پا گئی۔‘