وزیراعظم شہباز شریف کی امت مسلمہ کو حج اکبر کی مبارک باد
شہباز شریف نے حجاج سے اپیل کہ وہ ملک کی ترقی کے لیے دعائیں مانگیں (فوٹو: اے پی پی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے حج اکبر کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج اور پوری امت کو مبارک باد دی ہے۔
جمعے کو ٹویٹ بیان میں شہباز شریف نے کہا ’آج اللہ کے انوار و تجلیات کے نزول کا خاص اور بابرکت دن ہے۔‘
انہوں نے حج کی سعادت حاصل کرنے والوں سے اپیل کی کہ وہ امت مسلمہ اور انسانیت کے لیے آج خصوصی دعائیں مانگیں۔
شہباز شریف کے مطابق ’ہم رب کریم کے عالم انسانیت پر رحم، امت مسلمہ کے اتحاد، ترقی و خوشحالی، وباؤں اور امراض سے نجات کی دعا کرتے ہیں۔‘
انہوں نے فلسطین اور (انڈیا کے زیرانتظام) کشمیر کا تذکرہ کرتے ہوئے دعا کی کہ وہاں کے باسیوں کو مصائب سے نجات ملے۔
شہباز شریف نے بیان میں یہ دعائیہ کلمات بھی شامل کیے ہیں کہ اللہ تعالٰی پاکستان کو قرض کی دلدل سے نکال دے اور بحیثیت قوم معاشی خودمختاری کی منزل عطا فرمائے۔