اسکاوٹس کا کردار ہمیشہ سے ہی مثالی رہا ہے۔ حج ایام میں ضیوف الرحمان کی خدمت میں بھی سعودی اسکاوٹس پیش پیش ہیں۔ مشاعرمقدسہ میں اسکاوٹس ایسوسی ایشن کا جانب سے جامع پروگرام کے تحت اسکاوٹس، حجاج کی خدمت میں مصروف ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق گمشدہ حجاج کو ان کے کیمپوں کے مقام کی نشاندہی کرنے کے لیے ڈیجیٹل کارڈ کافی معاون ثابت ہورہے ہیں۔

کسی بھی حاجی کے رہائشی کیمپ کے بارے میں معلومات کے لیے وزارت حج کی جانب سے جاری کارڈ کے بار کوڈ اسکین کرنے کے علاوہ ڈیجیٹل گائیڈ پروگرام میں متعلقہ حج خدمات فراہم کرنے والے کمپنی کا نام یا اسکا سیریل نمبرفیڈ کرنے سے حاجی کے کیمپ کے لوکیشن باآسانی معلوم کی جاسکتی ہے جس کے بعد مشاعر مقدسہ کے نقشے کے ذریعے کیمپ کا تعین کرکے گمشدہ حاجی کو وہاں پہنچانا آسان ہوجاتا ہے۔
وزارت حج وعمرہ کی جانب سے جاری کی گئی ایپ میں حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں اوردیگر معلومات فیڈ ہیں۔ علاوہ ازیں اسکاوٹس کی سہولت کےلیے مختلف زبانوں کی سہولت بھی ایپ میں فراہم کی گئی ہے تاکہ اسکاوٹس حجاج کی بات کوسمجھ سکیں۔
اسکاوٹس ایسوسی ایشن نے امسال مشاعر مقدسہ میں 490 اسکاوٹس کو ایپ کے استعمال کی خصوصی تربیت دی ہے جو مشاعر مقدسہ میں مختلف مقامات پرموجود ہیں۔
