Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شہباز شریف کسی کے دانتوں کے درمیان خلا دیکھ لیں تو وہاں بھی پُل بنا دیں گے‘

مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’کل میں بہت دنوں بعد چین کی نیند سوئی جب پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے بارے میں کسی نے کہا تھا کہ ’وہ اگر کسی دانتوں کے درمیان خلا دیکھ لیں تو وہاں بھی پل بنا دیں گے۔‘
جمعے کو لاہور میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’کل میں بہت دنوں بعد چین کی نیند سوئی جب پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔‘
’17 جولائی کو لاہور کی چار سیٹوں پر الیکشن ہے۔ لاہور نواز شریف کا تھا، ہے اور رہے گا۔ لاہور پر بری نگاہ رکھنے والوں کو مایوس لوٹنا پڑے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ گذشتہ چار سال لاہور یتیم بھی تھا اور لاوارث بھی۔ اگر اس نالائق کی حکومت یہاں مزید ایک برس رہتی تو اس لاہور نے کھنڈر بن جانا تھا۔‘
’شہباز شریف نے دن رات ایک کر کے لاہور سجایا اور یہاں جگہ جگہ ان کی خدمت کے نشانات ہیں۔ شہباز شریف کے بارے میں کسی نے کہا تھا کہ ’وہ اگر کسی دانتوں کے درمیان خلا دیکھ لیں وہاں بھی پل بنا دیں گے۔‘
مریم نواز شریف نے عمران خان کی الیکشن مہم کے آخری جلسے اسے متعلق کہا کہ ’آج یہ لاہور آرہا ہے، یہ یہاں الیکشن مہم ختم کرے گا۔ اس سے پوچھنا بنتا ہے کہ تمہارا وزیراعلٰی کہاں ہے۔ آپ لوگوں پر جو عثمان بزدار کٹھ پتلی بن کر بیٹھا رہا، کیا آپ نے اس کو کسی جلسے میں دیکھا۔‘
’جو خود سب سے بڑا کٹھ پتلی تھا اس نے یہاں بزدار کو کٹھ پتلی رکھا ہوا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آج تو عمران خان عثمان بزادر کے لیے ووٹ نہیں مانگ رہا ہے بلکہ اس کے لیے ووٹ مانگے گا جسے وہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتا تھا۔‘
’لاہور والو! یہ شیر اور بلے کی جنگ نہیں ہے ، یہ لاہور اور پنجاب کی ترقی کی جنگ ہے۔‘
مریم نواز نے مزید کہا کہ ’نواز شریف نے کہا ہے کہ ’اگر اسی طرح عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں نیچے آئیں تو دو ہفتے بعد پھر پیٹرول کی قیمت کم کی جائے گی۔‘

شیئر: