Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم لیگ ن کو دھچکہ، ضمنی انتخابات سے قبل دو ارکان پنجاب اسمبلی مستعفی

اب ضمنی الیکشنز میں حمزہ شہباز کو وزارت اعلٰی برقرار رکھنے کے لیے 9 کے بجائے 11 نشستیں جیتنا ہوں گی (فائل فوٹو: مسلم لیگ ن)
پنجاب میں ضمنی انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کو بڑا دھچکہ لگا ہے اور اس کے دو ارکان پنجاب اسمبلی سنیچر کو اپنی نشستوں سے مستعفی ہوگئے ہیں۔  
شیخوپورہ سے ایم پی اے میاں جلیل احمد شرقپوری اور نارووال سے غیاث الدین نے پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کردیا۔
اس طرح اب ضمنی الیکشنز میں حمزہ شہباز کو اپنی وزارت اعلٰی برقرار رکھنے کے لیے 9 کے بجائے 11 نشستیں جیتنا ہوں گی۔
میاں جلیل احمد شرقپوری نے سنیچر کو ہاتھ سے لکھا ہوا اپنا استعفیٰ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’آج شہباز شریف جس طرح اشتہاریوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں میں کس طرح ان کے ساتھ چل سکتا ہوں۔‘
’حلقے کے کارکنوں سے مشورے کے بعد ضمنی الیکشنز سے پہلے استعفیٰ دینے آیا ہوں، آج ایک سوچ اور نظریے کے تحت استعفیٰ دیا ہے۔‘
میاں جلیل شرقپوری نے مزید کہا کہ ’عمران خان کے ویژن کے ساتھ پہلے بھی تھا اب بھی ان کے ساتھ چلوں گا۔ میری دعا ہے کہ عمران خان کا ویژن کامیاب ہو۔‘
’میری اپیل ہے کہ آج تمام حلقوں کے اندر محب وطن اور اسلام پسند لوگ تحریک انصاف کے امیدواروں کو ووٹ دیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ابھی کچھ نہیں پتا کہ حمزہ شہباز کی حکومت رہے گی یا چودھری پرویزالٰہی کی حکومت بنے گی۔‘
مسلم لیگ ن کے نارووال سے رکن پنجاب اسمبلی غیاث الدین نے بھی اپنی نشست سے مستعفی ہوتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔‘

شیئر: