جدہ ، مکہ ہائی وے پر آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی، ایک شخص جاں بحق
جدہ: جدہ ، مکہ مکرمہ ہائی وے پر ایک آئل ٹینکر میں زبردست آگ لگ گئی۔آئل ٹینکر سے پٹرول بہہ جانے کی وجہ سےہائی وے پر سفر کرنے والی 3گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی جس کے باعث ایک شخص اپنی گاڑی میں زندہ جل گیا۔ مکہ مکرمہ میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کرنل رائد الشریف نے بتایا کہ آج جمعہ کو مکہ مکرمہ، جدہ ہائی وے پر سفر کرنے والے 33ٹن آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ تیل بہہ جانے کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیل گئی اور 3گاڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آتشزدگی کی وجہ یہ بنی کہ آئل ٹینکر سے ہائی وے پر سفر کرنے والی گاڑی سے ٹکر لگ گئی۔ شہری دفاع کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں۔ اگر شہری دفاع کی ٹیمیں فوری طور پر نہ پہنچتیں تو ٹینکر میں دھماکہ ہوتا اور آتشزدگی بے قابو ہوجاتی۔ آگ بجھانے کے وقت ہائی وے کو بند کردیا گیا اور فوری طور پر آئل ٹینکر کو ٹھنڈا کرنے کے لئے خصوصی سیال مادہ ڈالا گیا۔ آتشزدگی کی وجہ سے ایک شخص اپنی گاڑی میں جل کر جاں بحق ہوگیا۔