Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گال ٹیسٹ میں پاکستان کی جیت سے انڈیا کو کیا فائدہ ہوا؟

پاکستان نے میچ کی چوتھی اننگز میں 342 رنز کا ہدف حاصل کر کے کامیابی سمیٹی (فوٹو: بابراعظم، ٹوئٹر)
گال ٹیسٹ میں سری لنکا کے خلاف ریکارڈ ساز کامیابی حاصل کرنے والی پاکستانی ٹیم نے ٹیسٹ چیمپیئن شپ رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔
اس کامیابی کے بعد پاکستانی ٹیم کے آئندہ برس ہونے والے ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ٹیسٹ میچوں میں کامیابی اور ناکامی کے تناسب کی بنیاد پر دی جانے والی آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ رینکنگ میں پاکستانی ٹیم کے تیسرے نمبر پر آنے کا فائدہ انڈیا کو بھی ہوا ہے جو پرانے درجے سے ایک پوزیشن اوپر چوتھے جب کہ ویسٹ انڈین ٹیم پانچویں پوزیشن پر آ گئی۔
ٹیسٹ میچ ہارنے والی سری لنکن سائیڈ نے نہ صرف تیسری پوزیشن کھوئی بلکہ ناکامیوں کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئی۔
آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ رینکنگ کے مطابق اس وقت 71.43 فیصد کے ساتھ جنوبی افریقہ پہلے اور 70 فیصد کے ساتھ آسٹریلیا دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
ٹیسٹ رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر کرنے والی پاکستانی سائیڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی درجہ بندی میں مزید بہتر پوزیشن دلا دے گی، تاہم شکست کی صورت میں گرین شرٹس دوبارہ پانچویں پوزیشن پر چلی جائے گی۔
آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ چیمپیئن شپ رینکنگ میں پاکستان 58.33 فیصد کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔

بدھ کو ختم ہونے والے گال ٹیسٹ کے آخری روز عبداللہ شفیق کے ناقابل شکست 160 رنز کی بدولت پاکستان نے اس میدان میں 342 رنز کا سب سے بڑا ہدف عبور کر کے کامیابی سمیٹی ہے۔

شیئر: