ہمیں معلوم تھا کہ آصف زرداری نے کوئی گیم کرنی ہے: عمران خان
جمعہ 22 جولائی 2022 20:53
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ’اب ساری نظریں سپریم کورٹ پر ہیں‘ (فائل فوٹو: وکی پیڈیا)
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ’آصف زرداری کرپشن کے پیسے سے جمہوریت کو خریدتا ہے۔ ساری نظریں اب سپریم کورٹ پر ہیں۔‘
جمعے کو عوام سے ویڈیو خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ’آصف زرداری کل رات سے پنجاب میں تھا، ہمیں معلوم تھا زرداری نے کوئی گیم کرنی ہے۔ ساری معلومات تھیں کہ پیسہ چلے گا۔‘
انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’آصف زرداری عوام کا چوری کیا گیا پیسہ استعمال کر کے جمہوریت کا جنازہ نکالتا ہے۔ یہ لوگ مافیاز ہیں، سیاست دان نہیں۔ حیران ہوں انہوں نے اسمبلی میں کیا کیا۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’آئین کے آرٹیکل 63 میں واضح لکھا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے فیصلے پر عمل ہوتا ہے۔ ہم نے بھی 25 لوٹوں کے خلاف خط لکھا تھا، بطور پارٹی سربراہ میرا خط تو پارلیمنٹ میں مسترد کر دیا گیا تھا۔ سمجھ نہیں آتا کہ ڈپٹی سپیکر کس قسم کا انسان ہے۔‘
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عوام سے پُرامن احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’عوام مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے خلاف نکلیں۔ آج رات اپنا احتجاج ریکارڈ کر کے بتائیں آپ ایک زندہ قوم ہیں۔‘