پانی کا بل 4 لاکھ ریال دیکھ کر دمام کی فیملی پر کیا بیتی؟
متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ ان کے ہاں پانی کی لیکیج بھی نہیں ہے (فوٹو: الاخباریہ)
دمام میں رہائش پذیر ایک فیملی اس وقت حیرت و پریشانی کا شکار ہوئی جب پانی بل چار لاکھ ریال آیا۔
الاخباریہ چینل نے اپنے پروگرام میں اس کی تفصیلات دی ہیں کہ متاثرہ فیملی کا کہنا ہے کہ 4 لاکھ ریال بل کی کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔ گھر میں کوئی لیکیج بھی نہیں ہے۔
فیملی کا کہنا ہے کہ اتنے بھاری بل کی کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آ رہی ہے۔ سعودی عرب میں پانی کی لاگت کے بارے میں ہمیں جو کچھ معلوم ہے اس سے اتنا بھاری بل میل نہیں کھاتا۔ نیشنل واٹر کمپنی سے درخواست کی گئی تھی کہ وہ گھر کا معائنہ کرے اور دیکھے کہ اتنے بڑے بل کی وجہ کیا ہے۔
کمپنی کے اہلکار ہمارے گھر آئے اور معائنہ کیا۔ انہیں کہیں بھی پانی کی لیکیج نظر نہیں آئی، البتہ معائنے کے بعد کمپنی نے پانی کا بل چار لاکھ سے گھٹا کر ڈھائی لاکھ ریال کردیا۔
سعودی خاتون فادیہ الفواز نے بتایا کہ یہ بل جس گھر کا ہے وہ ایک منزلہ ہے۔ فیملی کے ممبران کی کل تعداد 7 ہے۔ اس بل سے فیملی کا ہر ممبر متاثر ہے۔
عاجل و المرصد ویب سائٹس کے مطابق الفواز نے مزید کہا کہ پہلے بھی ہمارے ہاں بل آتے تھے کبھی بھی اتنا زیادہ بل نہیں آیا۔ ایک عرصے تک ہمارے نام سے کوئی بل نہیں آیا اور اچانک چار لاکھ ریال کا بل بھیج کر ہمارے اوپر بجلی گرا دی گئی۔
فادیہ نے کہا کہ اگر ہم ماہانہ بل 400 ریال یا 120 ریال فرض کرلیں تو 8 برس کے عرصے میں جو ہم نے مذکورہ مکان میں گزارے پانی کا بل زیادہ سے زیادہ 40 سے 50 ہزار ریال تک ہو سکتا تھا لیکن 4 لاکھ ریال کا بل بھیج کر تو کمپنی نے انتہا کردی۔ آخری بل ہمارے پاس 7 برس قبل آیا تھا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں