Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں ملاوٹ شدہ شراب پینے سے 21 افراد ہلاک، 30 ہسپتال جا پہنچے

حکام کے مطابق ’فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ شراب میں کون سا کیمیکل استعمال کیا گیا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حکام کے مطابق مغربی انڈیا کے شہر احمدآباد میں ملاوٹ شدہ شراب پینے سے 21 افراد ہلاک جبکہ دیگر 30 بیمار ہوگئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ایک سینیئر حکومتی عہدے دار مکیش پارمار کا کہنا ہے کہ ’یہ ہلاکتیں ریاست گجرات میں احمدآباد اور بوتاد کے اضلاع میں ہوئیں جہاں شراب کی تیاری اور خریدوفروخت پر پابندی عائد ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ شراب میں کون سا کیمیکل استعمال کیا گیا۔‘
انڈین نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق پولیس نے متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جو غیر قانونی طور پر اس مضر صحت شراب کی فروخت میں ملوث تھے۔
انڈیا میں کشید کی گئی شراب سے ہلاکتوں کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں، یہ شراب سستی ہوتی ہے اور اس میں مختلف کیمیکلز ملا کر اس کے اثر میں اضافہ کیا جاتا ہے۔
انڈیا بھر میں غیر قانونی شراب کی فروخت ایک منافع بخش صنعت بن چکی ہے جہاں کوئی ٹیکس ادا کیے بغیر شراب بڑی مقدار میں غریب افراد کو کم قیمت پر بیچی جاتی ہے۔
سنہ 2020 میں انڈیا کی ریاست پنجاب میں کم سے کم 120 افراد کشید کی گئی شراب پینے سے ہلاک ہوگئے تھے۔

شیئر: