واشنگٹن .... مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ امریکہ اور ہند کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں اور یہ تعلقات دونوں ملکوں میں حکومتوں کی تبدیلی سے متاثر نہیں۔ انہوں نے یہ بات امریکہ کیلئے ہندوستانی سفیر نوتیج سرنا کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب میں کہی۔ وزیرخزانہ کا کہناتھا کہ ہند باہمی تعلقات کے مختلف شعبوں میں ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہے۔ ہمیں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ جیٹلی نے گزشتہ روز امریکی وزیر تجارت ولبر روس سے بھی ملاقات کی اور تجارت کے شعبے میں تعلقات پر بات چیت کی۔ جیٹلی ہندوستانی وفد کی قیادت کررہے ہیں اور وہ 20اپریل کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کیلئے واشنگٹن پہنچے ہیں۔