اکثر لوگ اپنے گلی محلوں میں قائم مساجد کے امام سے رہنمائی طلب کرنے جاتے ہیں اور وہ دین کی تبلیغ کو اپنا فرض سمجھتے ہوئے انہیں اچھے کاموں کی ترغیب دیتے ہیں۔
لیکن راولپنڈی میں اپنی نوعیت کا ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ڈاکوؤں نے نہ صرف امام مسجد کو لوٹ لیا بلکہ انہیں اپنے گینگ میں شامل ہونے کی پیشکش بھی کر دی۔
مزید پڑھیں
-
جدید سکیورٹی فیچر گاڑیوں کے سسٹم ہیک کرنے والے ہائی ٹیک چورNode ID: 666316
جمعرات کو تھانہ روات میں درج ایف آئی آر کے مطابق تقویٰ ٹاون کی جامع مسجد رکیہ میں امام مسجد صفدر حسین سے ڈاکوؤں نے نماز کی ادائیگی کے بہانے مسجد کھلوائی اور نماز ادا کرنے کے بعد ان سے 9500 روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
یہی نہیں بلکہ ڈاکوؤں نے انہیں اپنے گینگ کا حصہ بن کر علاقے میں امیر گھرانوں کی مخبری کرنے کے بدلے حصہ دار بنانے کی بھی پیش کش کی اور انکار کی صورت میں قتل کی دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس کے مطابق مقدمے کے اندراج کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امام مسجد صفدر حسین نے بتایا کہ ’میرا تعلق خانیوال سے ہے اور کافی عرصے سے تقویٰ ٹاؤن کی مسجد میں امامت کرتا ہوں اور رات اسی سوسائٹی میں بطور سکیورٹی گارڈ ڈیوٹی دیتا ہوں۔‘
انہوں نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’بدھ کی شام جب میں مسجد کے دروازے پر بیٹھا تھا، مسجد کے دروازے پر تالا لگایا ہوا تھا کیونکہ اس سے پہلے عید کے موقع پر بھی مسجد میں چوری ہوئی تھی۔ اتنے میں تین افراد آئے اور کہا کہ وہ نماز ادا کرنا چاہتے ہیں اس لیے مسجد کھول دیں۔‘
صفدر حسین نے کہا کہ ’جب مسجد کھولی تو ان تینوں نے پہلے وضو کیا پھر نماز ادا کی۔ نماز ادا کرنے کے بعد انھوں نے دیکھا کہ مسجد نئی بنی ہے تو اس کا ہال دیکھنے کی فرمائش کی۔ ہال دیکھنے کے بعد انہوں نے ہال کی لائٹیں بند کرنے کا کہا جب تمام لائٹس بند ہو گئیں تو انھوں نے پستول نکال لی اور مجھے بٹھا لیا۔‘
