Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد میں سیشن جج کے گھر واردات،چور خطیر رقم اور زیورات لے اُڑے

تھانہ رمنا میں واردات کی ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے (فوٹو: اسلام آباد پولیس)
اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج ایک مقدمے کے مطابق اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے گھر پر چوری کی واردات ہوئی ہے اور چور 55 لاکھ روپے، 15 ہزار ڈالرز، چار ہزار برطانوی پاونڈز اور 19 لاکھ روپے سے زائد کی مالیت کا سونا لے گئے ہیں۔ 
رپورٹ کے مطابق واردات اس وقت ہوئی جب جج اپنے گھر والوں کے ساتھ عید کی چھٹیوں کے دوران آبائی علاقے گئے ہوئے تھے۔
ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے حال ہی میں زمین فروخت کی تھی اور لوٹی جانے والی رقم وہی تھی۔
اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر محمود کے سرکاری گن مین کی مدعیت میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ 
تھانہ رمنا میں درج ایف آئی آر کے مطابق ’جمعہ 8 جولائی کو جج صاحب عید گزارنے اپنے آبائی علاقے چلے گئے جبکہ میں(گن مین) ان کی رہائش گاہ پر نگرانی کے لیے موجود تھا۔ 10 جولائی کو دن ڈیڑھ بجے کھانا کھانے کے لیے باہر نکلا اور تقریبا شام 5 بجے واپس گھر آ کر دیکھا تو مین گیٹ کھلا ہوا تھا اور گھر کا اندرونی دروازہ بھی کھلا ہوا تھا۔‘ 
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ‘چور ڈرائنگ روم کی کھڑکی کا شیشہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور متذکرہ نقدی اور زیورات چوری کر کے لے گئے۔‘
ایف آئی آر کے مطابق چوری ہونے والی رقم کی جج صاحب نے پچھلے دنوں زمین فروخت کی تھی۔

شیئر: