نیویارک میں 'سعودی 100 برانڈز' فیشن نمائش کا آغاز
نیویارک میں 'سعودی 100 برانڈز' فیشن نمائش کا آغاز
جمعرات 28 جولائی 2022 17:34
سعودی فیشن کمیشن نے ثقافتی بنیاد پر ڈیزائنرز کا انتخاب کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
امریکی شہر نیویارک میں 'سعودی 100 برانڈز' کے نام سے نمائش کا آغاز ہوا ہے جس میں 100 سعودی ڈیزائنرز کے کاموں کی نمائش کی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکہ میں متعین سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر السعود نے نمائش کی تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نمائش میں ڈیزائنرز کا جو کام نظر آ رہا ہے وہ عرب ورثے کی عکاسی کرتا ہے لیکن یہ دنیا کی دیگر ثقافتوں کے لیے بھی ہے۔
سعودی 100 برانڈ فیشن نمائش 26 جولائی سے7 اگست 2022 تک نیویارک میں آئرن 23کے مقام پر جاری رہے گی۔ نمائش میں مختلف قسم کے زیورات، خواتین کے ہینڈ بیگز کے ساتھ عرب ثقافت سے متاثر دلہن کے لباس بھی رکھے گئے ہیں۔
سعودی سفیر نے مزید کہا کہ تخلیقی صلاحیت کا تعلق کسی ایک ملک سے نہیں ہوتا۔ ثقافت کی تعریف سرحد سے نہیں کی جا سکتی اور یہ ایک ایسی علامت ہے جس کا سیاست اورحکومتوں سے کوئی لینا دینا نہیں لیکن ایسی ہرچیز کا تعلق انسان سے ضرور ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سعودی فیشن کمیشن نے فیشن کی دنیا کے معروف مقام نیویارک میں مخصوص عرب کلیکشن رکھی ہے۔
سعودی وزارت ثقافت کے زیراہتمام اس نمائش کی میزبانی سعودی فیشن کمیشن نے کی ہے اور اس کی انفرادیت اور ثقافتی مطابقت کی بنیاد پر ڈیزائنرز کا انتخاب کیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب کے شرکاء میں وینزویلا سے تعلق رکھنے والی امریکی فیشن ڈیزائنرکیرولینا ہریرا اور لبنان کی فیشن ڈیزائنر ریم اقرا بھی شامل تھیں۔
سعودی 100 برانڈ کے نام سے اس نمائش کا اہتمام بین الاقوامی طور پر کیا گیا ہے جس میں 100 سعودی ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات اور دیگر لوازمات کی کلیکشن رکھی گئی ہے۔
نمائش میں موجود معروف برانڈ کی شریک بانی اور ڈیزائنرعبیرالحقبانی نے بتایا ہے کہ ہم یہاں ایک نئے تجربے سے گزرنے کے لیے بہت پرجوش تھے۔
ڈیزائنر نے کہا کہ وہ نیویارک میں اپنا کام پیش کرنے کے لیے منتخب کیے گئے سعودی فیشن ڈیزائنرز میں سے ایک ہونے پر خوش ہیں اور آرگنائزر کا شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے ہمیں آج تاریخ رقم کرنے کا موقع فراہم کیا۔
سعودی 100 برانڈ نمائش آئندہ ہفتے تک جاری رہے گی اور عوام کے لیے داخلہ مفت ہے، داخلے کے لیے ویب سائٹ https://www.saudi100brands.nyc لنک کے ذریعےرابطہ کرنا ہو گا۔