Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جان کو خطرہ‘، سلمان خان کو اسلحہ رکھنے کی اجازت

سدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلمان خان اور ان کے والد کو دھمکیاں ملی تھیں (فوٹو: فیس بک، سدھو موسے والا)
بالی وڈ اداکار سلمان خان اور ان کے والد کو قتل کی دھمکیاں ملنے کے بعد اسلحے کے لائسنس جاری کر دیے گئے ہیں۔
انڈین ٹی وی این ڈی ٹی وی نے ممبئی پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ انڈین گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کے قتل کے بعد جون کے آغاز میں سلمان خان اور والد کو دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا، جس کے بعد انہوں نے اسلحہ لائسنس کے لیے درخواست دی تھی۔
رپورٹ کے مطابق چند روز پیشتر سلمان خان لائسنس کی درخواست دینے کے لیے خود ممبئی پولیس ہیڈکوارٹر بھی گئے تھے اور ممبئی پولیس کے کمشنر سے بھی ملاقات کی تھی، جس کے بعد لائسنس جاری کرنے والے ادارے نے ضروری تحقیقات شروع کر دی تھیں جن کی تکمیل کے بعد لائسنس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
سلمان خان کی جانب سے درخواست میں لکھا گیا تھا کہ دھمکیاں ملنے کے بعد وہ اپنے اور فیملی کے تحفظ کے لیے اسلحہ رکھنا چاہتے ہیں، جس کے لیے اجازت نامہ دیا جائے۔
سلمان خان کے خود پولیس ہیڈکوارٹر جانے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ تصدیق کے عمل کے لیے خود حاضر ہونا ضروری ہوتا ہے۔
خیال رہے 30 مئی کو گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کو قتل کر دیا گیا تھا جس کی ذمہ داری بشنوئی گینگ نے قبول کی تھی جس کے بعد سلمان خان کو دھمکیاں ملی تھیں اور گینگ کے ایک رکن نے یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ اس کے لیے عملی کام شروع کر دیا گیا تھا اور وہ کالے ہرن کے شکار کے معاملے پر اداکار کو سبق سکھانا چاہتے تھے۔
1998 میں سلمان خان کو اس کیس میں ملزم کے طور پر شامل کیا گیا تھا۔
اسی طرح ان کے والد سلیم خان کو پارک میں لگے ایک بینچ سے خط ملا تھا، جہاں وہ ورزش کرتے ہوئے اکثر بیٹھتے ہیں۔ خط میں باپ بیٹے کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی۔

شیئر: