اسلامی عسکری اتحاد کا سائبرسیکیورٹی کے موضوع پرلیکچر
المتحمی سائبر سیکیورٹی گورننس کے ماہر مانے جاتے ہیں (فوٹو، ایس پی اے)
اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی نے سائبر سیکیورٹی گورننس پرخصوصی لیکچر کا اہتمام کیا۔ انجینیئر محمد بن عبدالعزیز المتحمی نے اتحاد کے سیکریٹری جنرل، رکن ممالک کے نمائندوں اوراتحاد کے اہلکاروں کی موجودگی میں لیکچر دیا۔ المتحمی سائبر سیکیورٹی گورننس کے ماہر مانے جاتے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق المتحمی نے سائبر سیکیورٹی گورننس کی اہمیت، عمل درآمد کے طریقہ کار اور ان تنظیمی اصولوں پر روشنی ڈالی جن پر بیرونی ہیکرز سے انفارمیشن سیکیورٹی سسٹم کے تحفظ کے لیے عمل درآمد ضروری ہے۔
المتحمی نے توجہ دلائی کہ ایسے عالم میں جبکہ ڈیجیٹل تبدیلیاں بڑے پیمانے پر تیزی سے ہوٓرہی ہیں ہیکنگ کی شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
ڈیٹا غیر قانونی طریقے سے حاصل کرنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ ترقی یافتہ اکثر ممالک نے اس تناظر میں ڈیٹا سیکیورٹی سسٹم اپنایا اور وہ مضبوط سیکیورٹی سسٹم کے ذریعے ڈیجیٹل آپریشن کی پالیسی پر گامزن ہیں۔
اسلامی فوجی اتحاد برائےانسداد دہشت گردی رکن ملکوں کے نمائندوں اور اتحاد کے اہلکاروں میں آگہی پیدا کرنے کے لیے اس قسم کے موضوعات پر سیمینار، لیکچرز اور ورکشاپس کا اہتمام کررہا ہے۔