نئی دہلی۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بیوروکریٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر آپ نیک نیتی، سچائی اور عوامی فلاح و بہبود کے مقصد سے کوئی فیصلہ لیتے ہیں تو دنیا میں کوئی بھی شخص آپ پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ ہاں یہ بات تو ہے کہ کچھ وقت کیلئے لوگ کچھ نہ کچھ کہیں گے لیکن میں آپ کے ساتھ ہونگا۔ سول سروسز ڈے کے موقع پر بیوروکریٹس اور آئی اے ایس افسروں سے اپنے خطاب میں کہا کہ سرکاری ملازمین کیلئے ’’انامیکا‘‘یا خود کو چھپاکر رکھنا ایک اثاثہ ہوتا ہے۔ان دنوں میں دیکھ رہا ہوں کہ ضلعی مجسٹریٹ تک بچوں کو ٹیکے لگاتے ہوئے اپنی تصویریں فیس بک پر ڈال دیتے ہیں۔ سوشل میڈیا کو اپنی تصویروں کیلئے نہیں بلکہ سرکاری اسکیموں کو فروغ دینے کیلئے استعمال کرنا چاہئے۔میں یہ بھی دیکھتا ہوں کہ سرکاری افسران اجلاسوں کے دوران بھی اپنے ٹیلیفون چیک کرتے رہتے ہیں اس لئے میں نے اپنے اجلاسوں میں فون لانے پر پابندی لگا دی ہے۔انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اصلاحات کیلئے کام کرنا ہوگا۔انہوں نے بیوروکریٹس سے کہا کہ وہ متحد ہوکر کام کریں۔