پاکستان میں پیر سے مزید بارشیں، ’کئی شہروں میں سیلاب کا خدشہ‘
پاکستان میں پیر سے مزید بارشیں، ’کئی شہروں میں سیلاب کا خدشہ‘
جمعہ 5 اگست 2022 16:52
جون کے وسط سے ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 549 تک پہنچ گئی ہے (فوٹو: اے پی)
محکمہ موسمیات نے پاکستان میں اگلے ہفتے سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے اور تنبیہہ کی ہے کہ ان بارشوں سے کراچی سمیت کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جون کے وسط سے ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 549 تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ملک میں اس مون سون سیزن میں 30 سال کی اوسط سے 133 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں۔
محکمہ موسمیات نے جمعے کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ملک میں مون سون کے سپیل مسلسل داخل ہو رہے ہیں، مون سون کا یہ سسٹم 10 اگست (بدھ) سے مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’آٹھ اور 10 سے 12 اگست کو راولپنڈی/اسلام آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، فیصل آباد، لاہور اور گوجرانوالہ میں شدید بارشوں سے اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔‘
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ’اسلام آباد/راولپنڈی، شکر گڑھ، سیالکوٹ، نارووال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، کرک، لکی مروت، بنوں اور کشمیر کے مقامی نالوں میں آٹھ اور 10 سے 12 اگست کو سیلاب آنے کا امکان ہے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں سے کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، دادو، جامشورو، سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص میں 11 سے 13 اگست کے درمیان اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بارش کی وجہ سے کشمیر، خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلیات، مری، چلاس، دیامیر، گلگت، ہنزہ، استور، غذر اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے جمعے کو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ ’ملک بھر میں 30 سالہ اوسط ریکارڈ سے 133 فیصد زیادہ بارشیں ہوئیں۔ بلوچستان میں 305 فیصد زیادہ بارشیں، سندھ میں 218 فیصد، پنجاب میں 101 فیصد، خیبر پختونخوا میں 26 فیصد،گلگت بلتستان میں 68 اور آزاد جموں و کشمیر میں نو فیصد بارشیں ہوئیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں گذشتہ24 گھنٹوں کے دوران سیلاب اور بارشوں سے مزید 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔