Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارشد ندیم کا گولڈ میڈل، نیرج چوپڑا کی مبارک باد اور نیک تمناؤں کا اظہار

کامن ویلتھ گیمز میں نیا ریکارڈ بنانے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی شاندار کامیابی پر انڈین ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے بھی ان کو مبارک دیتے ہوئے آئندہ مقابلوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
اس کے علاوہ ر سیاستدان، آرمی چیف، کرکٹرز اور مختلف شعبوں سے وابستہ افراد نہ صرف ان کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں بلکہ ان کی مستقل مزاجی اور محنت کو بھی سراہ رہے ہیں۔
 واضح رہے کہ اتوار کو فائنل کے پانچویں راؤنڈ میں ارشد ندیم  نے 90.18 میٹر تھرو کر کے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا۔
یہ تھرو نہ صرف کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ ہے بلکہ ارشد ندیم کے کیریئر کی بھی بہترین تھرو ہے۔
انڈین ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کی انسٹاگرام ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ارشد بھائی! گولڈ میڈل جیتنے اور 90 میٹر عبور کر کے نیا ریکارڈ بنانے پر مبارک باد۔ آگے کے مقابلوں کے لیے نیک تمنائیں۔‘

ارشد ندیم کو انڈین ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے بھی مبارک باد دی ہے (فوٹو: سکرین گریب)

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ارشد ندیم نے پہلا گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے ٹویٹ کیا کہ آج اٹھتے ہی ان کو حیرت انگیز خبر ملی کہ پاکستانی ایتھلیٹ نے جیولین تھرو میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔
’ارشد ندیم کی مستقل مزاجی، جذبہ اور محنت ہمارے نوجوانوں کے لیے سبق آموز ہے۔ شاندار کارکردگی پر ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘

پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے ٹویٹ کیا کہ ارشد ندیم نے 14 اگست سے پہلے ہی قوم کو جش آزادی کا تحفہ دے دیا۔ ’چھا گیاچیتا۔‘

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور پاکستانی فوج نے گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ارشد ندیم قوم کا فخر ہیں اور ہمارے قومی ہیرو ہیں۔‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ’جسم ٹوٹا ہوا تھا پر ہمت ہمالیہ سے بھی بلند تھی۔‘

کرکٹر اظہر علی نے لکھا کہ ارشد ندیم نے زخمی بازو کے ساتھ ریکاڑد بنایا۔ ’واٹ اے فائٹر۔۔۔ ٹرولی اے پاکستانی۔‘

صحافی لحاظ علی نے ارشد ندیم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے لکھا کہ ’کچھ لمحات واقعی قابل فخر ہوتے ہیں۔‘

کرکٹر شاداب خان نے ٹویٹ کیا کہ ’ایک ہی دل ہے کتنی بار جیتو گے ارشد۔ پاکستان کی شان۔ پاکستان کے لیے مزید میڈل جیتیں اور وہ تمام احترام اور سہولیات آپ حاصل کریں جس کے آپ حقدار ہیں۔ انشااللہ اولمپکس کا میڈیل بھی آئے گا۔‘

امجد قمر نامی ٹوئٹر صارف نے پاکستان میں کرکٹ کے علاوہ کسی دوسرے کھیل کی وسیع پیمانے پر کوریج دیکھ کر خوشی ہوئی۔
انہوں نے لکھا کہ ’ان گیمز کو بھی مستقبل میں اچھے سپانسر ملنے چاہییں اور حکومت کو سوچنا چاہیے کہ صرف کرکٹ ہی کھیل نہیں۔‘

 

شیئر: