ڈیربورن، مشی گن..... آٹو کمپنی فورڈ کے تحقیقی شعبہ کے رکن انجینیئر جوہانس ہونکنز نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایک ایسی لچکدار اور آرام دہ سائیکل کا ڈیزائن تیار کرلیا ہے جسے موڑ کر گاڑی کی ڈکی میں بھی رکھا جاسکتا ہے۔ چونکہ ڈیزائن کے مطابق یہ کچھ اس طرح بنا ہے کہ کبھی پنکچر نہیں ہوگی اسلئے اس کے ساتھ پنکچر ٹھیک کرنے کا کٹ باکس بھی نہیں جس سے لوگ پریشان ہوجاتے ہیں۔ نئی سائیکل کا اسٹیرنگ روایتی انداز کا ہے، مگر اس کے دوسرے پارٹس جو ربر کے بنے ہوئے ہیں، موڑ کر رکھے جاسکتے ہیں۔ اس کی تیاری میں خاص مادہ بوفنس استعمال ہوا ہے جو بالعموم بولٹ پروف جیکٹس کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے اور اسی بات سے اس کی مضبوطی کا اندازہ لگایا جاسکتاہے۔ ڈیزائننگ کرنے والوں نے اس بات کا خیال رکھا ہے کہ ان کے ڈیزائن پر بنائی گئی سائیکلیں راستے میں پڑی رکاوٹوں اور دوسری چیزوں سے خود کو محفوظ رکھ سکتی ہیں اور خود ہی ان سے کتراتے ہوئے آگے گزر سکتی ہیں۔ جب اس سائیکل کو موڑا جائے تو یہ ایک چھوٹی سی چیز نظر آتی ہے مگر کھلنے پر ایک اچھی خاصی بڑی سائیکل ہوجاتی ہے جس کی سیٹ ، پیڈل، چین اور پہیئے وغیرہ اسے طرح کے ہیں جو عام سائیکلوں میں استعمال ہوتے ہیں مگر اس میں شامل دوسری چیزیں اسے دوسری تمام سائیکلوں سے منفرد اور علیحدہ ظاہر کرتی ہیں۔ اس میں اس بات کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے کہ بوقت ضرورت اس میں چھوٹی سی الیکٹرک موٹر بھی نصب کی جاسکتی ہے تاکہ وہ لوگ بھی فائدہ اٹھا سکیں جو پیڈل مارنے کے بجائے آرام سے اس پر بیٹھ کر سفر کرنا چاہتے ہیں۔ فورڈ کمپنی کا کہنا ہے کہ" کل کے شہروں" میں یہ سائیکل ایک مقبول عام ضرورت ہوگی کیونکہ نئے شہروں میں سڑکیں بھی جدید تر ہونگی اور گاڑیاں بھی۔