یمن میں گیس سٹیشن پر دھماکہ، آگ لگنے سے 15 افراد ہلاک
یمن میں گیس سٹیشن پر دھماکہ، آگ لگنے سے 15 افراد ہلاک
اتوار 12 جنوری 2025 15:53
دھماکے میں67 افراد زخمی ہوئے ہیں، 40 کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ فوٹو: پی ٹی آئی
یمن کے وسطی صوبے البیضاء میں ایک گیس سٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں زبردست آگ بھڑک اٹھی جس سے کم از کم 15 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق حوثی باغیوں کے زیرانتظام علاقے کی وزارت صحت نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ دھماکہ سنیچر کو صوبہ البیضا کے ضلع ظہیر میں ہوا۔‘
گیس سٹیشن پر دھماکے کے باعث کم از کم 67 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں 40 کی حالت تشویش ناک ہے۔
وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے ’ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کو تلاش کر رہی ہیں تاہم فوری طور پر دھماکے کی وجہ کے بارے میں واضح نہیں ہو سکا۔
آن لائن فوٹیج میں شدید آگ دکھائی گئی ہے جس میں دھوئیں کا مرغولہ آسمان کی طرف بلند ہوتا دکھائی دے رہا تھا اور قریب کھڑی گاڑیاں جل رہی تھیں۔
یمن کا وسطی صوبہ البیضاء ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے زیرکنٹرول ہے جو یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے برسرپیکار ہے۔
یمن میں خانہ جنگی کا آغاز سنہ 2014 میں ہوا جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء اور ملک کے بیشتر شمالی علاقوں پر قبضہ کر لیا تھا جس کے باعث حکومت کو جنوب کی طرف اور پھر سعودی عرب میں پناہ لینی پڑی تھی۔
مارچ 2015 میں سعودی قیادت والا فوجی اتحاد جنگ میں شریک ہوا جسے اس وقت امریکہ کی حمایت حاصل تھی تاکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت بحال کی جا سکے۔
یمن خانہ جنگی میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو: اے پی
یمن میں جاری اندرونی جنگ میں اب تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں جنگجوؤں کے علاوہ عام شہری بھی شامل ہیں۔
یمن میں ایک دہائی سے جاری جنگ حالیہ برسوں میں زیادہ تر جمود کا شکار رہی ہے تاہم اس جنگ نے دنیا کے بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک کو جنم دیا ہے۔