این ہیش کو لائف سپورٹ مشینوں سے ہٹا دیا گیا
53 برس کی امریکی اداکارہ کو سر پر شدید چوٹ لگی تھی جس سے ان کا دماغ متاثر ہوا تھا۔ (فوٹو: روئٹرز)
گاڑی کے حادثے میں شدید زخمی ہونے والی امریکی اداکارہ این ہیش کو نو دن بعد لائف سپورٹ مشینوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو اداکارہ کی ترجمان ہولی بیئرڈ نے کہا ہے کہ این ہیش جمعے کو زندگی اور موت کی کشمکش میں متبلا رہنے کے بعد چل بسیں تاہم ان کے اعضا کو عطیہ کرنے کے لیے ان کو لائف سپورٹ مشینوں پر رکھا گیا تھا۔
ان کے مطابق این ہیش کو پرسکون طریقے سے لائف سپورٹ مشینوں سے ہٹایا گیا۔
ادکارہ این ہیش کے بھائی بھی کار حادثے میں چل بسے تھے۔
53 برس کی امریکی اداکارہ کو سر پر شدید چوٹ لگی تھی جس سے ان کا دماغ متاثر ہوا تھا۔
این ہیش پانچ اگست کو ہونے والے حادثے کے بعد سے مسلسل بے ہوش تھیں، عمارت سے ٹکرانے کے بعد ان کی گاڑی کو آگ لگ گئی تھی۔
لاس اینجلس فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ اس قدر شدید تھی کہ 59 فائر فائٹرز کو اسے بجھانے میں 65 منٹ لگے۔
اداکارہ کے 19 برس کے بیٹے ہومر لافون نے ایک بیان میں کہا ہے انہوں نے اپنی والدہ کو کھو دیا ہے۔
ہیش نے کئی مشہور فلموں میں کام کیا جن میں 90 کی دہائی کی فلم ’سکس ڈیز، سیون نائٹز‘ بھی شامل تھی جبکہ انہوں نے ’ڈونی براسکو‘ اور ’آئی نو وٹ یو ڈِڈ لاسٹ سمر‘ میں بھی کام کیا۔
ہیش ’این آدر ورلڈ‘ نامی سوپ اوپرا میں کام کے حوالے سے بہت شہرت رکھتی ہیں، جس پر ان کو 1991 میں ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
این ہیش 25 مئی 1969 کو اوہائیو میں پیدا ہوئی تھیں۔ وہ پانچ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔ ان کے والد کا انتقال ایڈز کی وجہ سے ہوا تھا۔